عدالتی نظام کی ڈیجیٹل تبدیلی وقت کی ضرورت:چیف جسٹس

عدالتی نظام کی ڈیجیٹل تبدیلی وقت کی ضرورت:چیف جسٹس

نیشنل جوڈیشل آٹومیشن کمیٹی کا بنیادی کردار انتہائی اہم:جسٹس یحییٰ آفریدی وفاقی جوڈیشل اکیڈمی میں ای کورٹس سے متعلق ورکشاپ، مسائل کا جائزہ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )چیف جسٹس یحیی آفریدی نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی عدالتی خدمات کی موثر فراہمی کیلئے ضرورت بن چکی ہے ۔ وفاقی جوڈیشل اکیڈمی میں ای کورٹس سے متعلق ایک اہم ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں جسٹس محمد علی مظہر، وزارتِ اطلاعات، ٹیلی کمیونی کیشن اور پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسروں نے شرکت کی۔ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس یحیی آفریدی نے کہا جدید ٹیکنالوجی عدالتی خدمات کی موثر اور فوری فراہمی کے لیے ناگزیر ہو چکی ہے ،انہوں نے نیشنل جوڈیشل آٹومیشن کمیٹی کے بنیادی کردار کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا عدالتی نظام کی ڈیجیٹل تبدیلی وقت کی ضرورت ہے ۔ اعلامیے کے مطابق ورکشاپ میں عدالتی نظام کو درپیش مختلف مسائل اور ان کے ممکنہ حل تفصیل سے زیرِ بحث لائے گئے ۔ پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی اور مختلف عدالتوں کے رجسٹرارز نے عدالتی اداروں کے تکنیکی جائزوں پر مبنی تفصیلی رپورٹس بھی پیش کیں۔ ورکشاپ میں آئندہ مراحل کے لیے جامع لائحہ عمل پیش کیا گیا جبکہ انصاف کی فراہمی کے لیے ڈیجیٹل فریم ورک کی تیاری کی باضابطہ منظوری بھی دے دی گئی۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ یہ فریم ورک پاکستان میں عدالتی اصلاحات اور ای کورٹس کے عملی نفاذ کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں