ملک کے مختلف شہروں میں رواں سال کے آخری سپر مون کا دلکش نظارہ
اسلام آباد: (دنیا نیوز) شہریوں نے لاہور اور کراچی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں سال کے آخری سپر مون کا براہ راست دلکش نظارہ کیا۔
جب چاند بیضوی مدار میں زمین کے سب سے قریب ہو تو سپر مون ہوتا ہے، سپر مون کیلئے چاند کا مکمل طور پر روشن ہونا بھی ضروری ہے، سپر مون قربت کی وجہ سے عام دنوں کے چاند کے مقابلے بڑا اور زیادہ روشن دکھائی دیتا ہے۔
رواں سال کے آخری سپر مون کا نظارہ کرتے شہریوں کو چاند معمول سے 15 فیصد زیادہ روشن نظر آیا، سپارکو کے مطابق اس وقت چاند کا زمین سے فاصلہ 3 لاکھ 57 ہزار 218 کلومیٹر ہے۔
زمین کے قریب ہونے کی وجہ سے چاند عام دنوں کے مقابلے 7 اعشاریہ 9 فیصد بڑا اور زیادہ روشن دکھائی دے رہا ہے، پاکستان میں سپر مون صبح 4 بج کر 15 منٹ پر مکمل عروج پر تھا۔