نوجوانوں کو انتہا پسندی، عدم برداشت جیسے منفی رحجانات سے محفوظ رکھنے کی ضرورت :احسن اقبال
اسلام آباد(این این آئی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہمیں تیز رفتار ترقی کے لئے امن کی موٹروے تعمیر کرنا ہو گی۔
امن کا قیام ترقی کی بنیادی کنجی ہے ،کوئی بھی معاشرہ پائیدار ترقی اور امن و ہم آہنگی کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا۔پیس اینڈ ڈویلپمنٹ یونٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ اسلام امن، بھائی چارے اور رواداری کا مذہب ہے ،پاکستان کے نوجوانوں کو انتہا پسندی، عدم برداشت اور نفرت جیسے منفی رحجانات سے محفوظ رکھنا وقت کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ انتہا پسندی ایک کثیرالجہتی مسئلہ ہے جس کے سیاسی، معاشی، سماجی، مذہبی، لسانی اور علاقائی پہلو ہیں، جب تک اصل محرکات اور اسباب کو نہیں سمجھا جائے گا اس کا دیرپا حل ممکن نہیں۔