ایکس سروس مین سوسائٹی ،سی ڈی ایف تعیناتی پرمٹھائی تقسیم
عاصم منیرنے پاکستان کانام بلندکیا،ملک دشمنوں کوکٹہرے میں کھڑاکیاجائے :عزیزاعوان ودیگر
اسلام آباد(دنیا نیوز)پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے زیر اہتمام سی ڈی ایف کی تعیناتی پر مٹھائی تقسیم کرنے کی تقریب پریس کلب راولپنڈی کے باہر منعقدہوئی ، شرکا نے چیف آف ڈیفنس فورسز کے حق میں نعرے بازی کی،اس موقع پرچیف کوآرڈینیٹر ایکس سروس مین سوسائٹی عزیز اعوان نے کہاکہ فیلڈ مارشل نے بھارتی حملہ پر فوری اورکرارا جواب دیا،سید عاصم منیر نے دنیا میں پاکستان کا مقام اونچا اور سر فخر سے بلند کر دیا ، جو لوگ ملک کے دشمن ہیں انکے خلاف ہماری جہدوجہد جاری رہے گی،بیرون ملک بیٹھ کر ملک کے خلاف پراپیگنڈاکرنے والوں کو واپس لاکر کٹہرے میں کھڑا کیا جائے ۔ سوسائٹی کے نائب صدر میجر ریٹائرڈ خضر خانزادہ نے کہاکہ ہم حکومت،صدر اوروزیر اعظم کے شکر گزار ہیں ،اس ملک نے 75سال سے ہمسایوں سے مار کھائی،اس مرتبہ ایک گھنٹہ میں ہم نے دنیا پر اپنی دھاک بٹھا دی ،ہم سی ڈی ایف سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جرائم کے خاتمے کے لئے ہر فوجی کو گرفتاری کا اختیار دیں،ملک کے قانون شہادت کو تبدیل کیا جائے ،کسی بھی آڈیو،ویڈیو،قرآن پر دو افراد کی گواہی کو تسلیم کیا جائے ،اسی شہادت پر ملزم نوکری سے برخاست ہونے کے ساتھ سیدھا جیل جائے گا۔