ہنگامہ آرائی جاری رہی تو اڈیالہ کے قیدی منتقل کر دینگے : طلال

ہنگامہ آرائی جاری رہی تو اڈیالہ کے قیدی منتقل کر دینگے : طلال

پی ٹی آئی کو بات چیت کی دعوت دینے پر آج ہمیں شرمندگی ہورہی ہے

 اسلام آباد (دنیا نیوز) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے پشاور میں جلسے نے ڈی جی آئی ایس پی آر کی ساری باتیں سچ ثابت کر دیں، اداروں کے خلاف استعمال ہونے والی زبان کھینچ لی جائے گی، اب اڈیالہ کے باہر آئیں،ہنگامہ آرائی جاری رہی تو اڈیالہ کے قیدی منتقل کر دینگے ۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا پشاور میں پی ٹی آئی نے جلسہ کیا، لوگ سمجھ رہے تھے پی ٹی آئی اپنی 13سالہ کارکردگی کے بارے میں بات کرے گی، جلسے میں گالم،گلوچ اورتنقید کے علاوہ کچھ نہیں کہا گیا۔

ان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے جلسے میں ثابت ہوگیا ڈی جی آئی ایس پی آر کی ساری باتیں سچ اورحقیقت ہیں، فوج سیاست میں مداخلت نہیں کررہی، آپ اپنی سیاست چمکانے کیلئے بار بار فوج اوراس کے سربراہ کو سیاست میں لاتے ہیں، اب انتشار برداشت نہیں کیا جائے گا، اداروں کا تحفظ حکومت پر فرض ہے ۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے ادارے کو جواب دینے پر خود مجبور کیا، فوج اور اس کے سربراہ نے بہت لمبے عرصے صبر اوردرگزر سے کام لیا، پی ٹی آئی نے کبھی اسرائیل ،بھارت کو تنقید کا نشانہ نہیں بنایا، پی ٹی آئی نے ہمیشہ دہشتگردوں کیلئے نرم رویہ رکھا۔طلال چودھری کا کہنا ہے کہ جب ساری تنقید فوج اوراس کے سربراہ پر ہوتو جواب تو بنتا ہے ، حکومت نے کئی بار پی ٹی آئی کو پارلیمنٹ میں بات چیت کی دعوت دی، پی ٹی آئی کو بات چیت کی دعوت دینے پر آج ہمیں خودشرمندگی ہورہی ہے۔

فیض نہ ہوتے تو بانی پی ٹی آئی کونسلر بھی نہیں بن سکتے تھے ۔طلال نے کہا کہ اگر اڈیالہ جیل کے باہر ہنگامہ آرائی جاری رہی تو قیدی کہیں اور منتقل کر دیئے جائیں گے ، خبردار کیا کہ آئیں کریں اڈیالہ کے باہر شعبدہ بازی تو آپ کو بتائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ یہ لوگ دوسروں کے کندھوں پر بیٹھ کر اقتدار تک پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں اور اگر کندھے نہ ہوتے تو یہ وزیراعظم بھی نہیں بن سکتے تھے ، ہر روز پی ٹی آئی کے سابق رہنماؤں سے بھی ملکی اداروں کے خلاف بے جا تنقید کی جاتی ہے ۔ فوج اور اس کے سربراہ پر تنقید بلیک میل کرنے کے لیے کی جارہی ہے ، اب بات چیت کی دعوت نہیں دی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں