2100سٹارٹ اپس کی معاونت، 33ارب آمدن ہوئی:وزیر آئی ٹی

2100سٹارٹ اپس کی معاونت، 33ارب آمدن ہوئی:وزیر آئی ٹی

32ارب سے زائد سرمایہ کاری، 1لاکھ 85ہزار روزگار کے مواقع فراہم کیے :شزا فاطمہ

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ سے امریکی بیورو آف ایجوکیشنل اینڈ کلچرل افیئرز اور ساؤتھ اینڈ سینٹرل ایشین افیئرز کے وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان کی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور ٹیکنالوجی پر مبنی ترقی میں امریکی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال اور پاکستان کے بڑھتے ڈیجیٹل ایکو سسٹم میں ہیومن کیپٹل ترقی کیلئے تعاون پر گفتگو ہوئی۔ شزا فاطمہ خواجہ نے بتایا کہ وزارتِ آئی ٹی و ٹیلیکام بڑے پیمانے پر سکل ڈویلپمنٹ پروگرامز شروع کر رہی ہے۔

Ignite کے DigiSkills پروگرام کے ذریعے 48 لاکھ 70 ہزار سے زائد افراد کو فری لانسنگ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ای کامرس اور AI سمیت جدید ڈیجیٹل مہارتوں کی تربیت دی گئی۔ Code4AI پروگرام 7500 سے زائد نوجوانوں کو آرٹیفیشل انٹیلیجنس، بلاک چین اور کوانٹم کمپیوٹنگ میں تربیت دے گا۔ سینٹر آف ایکسی لینس فار گیمنگ اینڈ اینیمیشن قائم کیا گیا۔ 8 نیشنل انکیوبیشن سینٹرز کے تحت 2100 سے زائد سٹارٹ اپس کی معاونت کی گئی جنہوں نے 33 ارب روپے سے زائد ریونیو پیدا کیا، 32 ارب روپے سے زائد سرمایہ کاری حاصل کی اور 1 لاکھ 85 ہزار سے زائد روزگار کے مواقع فراہم کیے ۔ وفد نے وفاقی وزیر کو فل برائٹ، IVLP، PFP، YES، TechWomen، TechGirls اور English Access & Virtual Exchange پروگرامز کے بارے میں بریفنگ دی۔ فریقین نے امریکا کی جامعات کے ساتھ یونیورسٹی شراکت داریاں مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا، امریکی پروفیسرز پاکستانی طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی کی تربیت دیں گے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں