افغان طالبان رسمی قرارداد نہیں ،تحریری ضما نت دیں : پاکستان
قرارداد کا مسودہ نہیں دیکھا ،ماضی میں ایسے کئی وعدے ہوئے ، کوئی پور ا نہیں ہوا پاکستان اور برطانیہ کے درمیان شہریوں کی حوالگی کا معاہدہ نہیں:ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد (ذیشان یوسفزئی)افغانستان میں علماء اور قبائلی عمائدین کے اجتماع کی قرارداد پر ردعمل میں ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا کہ میں نے اس قرارداد کا مکمل متن نہیں دیکھا ، اگر طالبان حکومت یا افغان معاشرے کے بعض حصے موجودہ حالات اور معاملے کی سنگینی کا احساس رکھتے ہیں تو یہ ایک مثبت اقدام ہے ، ہم اس کا خیر مقدم کرتے ہیں، تاہم ہمارا مطالبہ ہے کہ افغان طالبان رسمی قرارداد نہیں پاکستان کو تحریری ضما نت دیں ،کیونکہ ماضی میں بھی افغان طالبان کی جانب سے ایسے کئی وعدے کئے گئے لیکن ان وعدوں کو پور ا نہیں کیا گیا۔ دوسری جانب برطانیہ سے پاکستانی شہریوں کو واپس لانے کے معاملے پر ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان شہریوں کی حوالگی کا کوئی باقاعدہ معاہدہ نہیں، مقدمات کو کیس ٹو کیس کی بنیاد پر چلایا جا سکتا ہے ، تاہم پاکستان نے برطانیہ کے ساتھ کچھ کیسز کو اٹھایا ہے ، ترجمان دفتر خارجہ نے بریفنگ میں کہا کہ افغانستان کی جانب سے دہشت گردی کو ماننا مثبت ہے ۔