عوامی ایکشن کمیٹی معاہدہ ، تمام محکموں کو فوری عملدرآمد کی ہدایت
وزیر امور کشمیر کی زیر صدارت اجلاس ، چیف سیکرٹری نے پیشرفت سے آگاہ کیا عوام کو بروقت ریلیف وفاقی ،آزاد کشمیر حکومت کی مشترکہ ذمہ داری ، امیرمقام
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار)وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ معاہدے پر اب تک ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ معاہدے پر عملدرآمد میں مزید تیزی لائی جائے ، وفاقی وزیر امورِ کشمیر کی زیر صدارت اجلاس میں آزاد کشمیر میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ طے پانے والے معاہدے پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں وزارتِ امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران، آزاد کشمیر حکومت کے سینئر حکام کے علاوہ سول ایوی ایشن، قومی صحت ، پلاننگ کمیشن، وزارتِ مواصلات، نیشنل ہائی وے اتھارٹی ،(پی ٹی اے )، پاور ڈویژن، وزارتِ آبی وسائل اور وفاقی تعلیم کے نمائندوں نے شرکت کی۔ جاری بیان کے مطابق امیرمقام نے کہا کہ آزاد کشمیر وزیر اعظم کی اولین ترجیح ہے عوام کو ریلیف فراہم کرنا وفاقی اور آزاد کشمیر حکو مت کی مشترکہ ذمہ داری ہے ،متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے حکام نے اجلاس کو اب تک کے اقدامات پر بریفنگ دی، جبکہ چیف سیکر ٹر ی آزاد کشمیر نے معاہدے پر عملدرآمد کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔