دہشت گردی کے پیچھے بھارت اور افغانستان :رانا تنویر حسین
فتنہ الخوارج کی پڑوسی ملک میں پناہ گاہیں علاقائی امن کے لیے بڑا خطرہ ہیں
شیخوپورہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں ہونے والے حالیہ بزدلانہ خودکش حملے کے تانے بانے سرحد پار سے ملتے ہیں اور پاکستان میں حالیہ دہشت گردی میں بھارتی ایجنسیوں کا کردار واضح ہے ، جو افغانستان کی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور افغانستان کی پشت پناہی اب کسی سے ڈھکی چھپی نہیں رہی اور افغانستان کو اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکنا ہوگا۔
پریس کلب شیخوپورہ میں نومنتخب عہدیداروں کی تقریبِ حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ فتنہ الخوارج کو پڑوسی ملک میں حاصل پناہ گاہیں علاقائی امن کے لیے بڑا خطرہ ہیں، تاہم ایسے بزدلانہ حملے قوم اور سکیورٹی اداروں کے حوصلے پست نہیں کر سکتے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ پوری قوم اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔اس موقع پر وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے پریس کلب شیخوپورہ کی تزئین و آرائش کے لیے 10 لاکھ روپے گرانٹ کا اعلان کیا، سید سجاد حسین شاہ اور چودھری شہباز احمد چھینہ نے 5،5 لاکھ روپے مالی امداد دینے کا اعلان کیا۔