پاکستان، ملائشیا بحری سکیورٹی، دو طرفہ تعاون بڑھانے پر متفق
ایڈمرل نوید اشرف کا دورہ ملائشیا، رائل ملائشین نیوی سربراہ سے ملاقات، بریفنگ تذویراتی نقطہ نظر کی ہم آہنگی، میری ٹائم چیلنجز کیخلاف مربوط ردعمل پر اتفاق
اسلام آباد ، کراچی (اسٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) پاک بحریہ کے تعاون پر مبنی بحری سکیورٹی اور بحری سفارتکاری کے عزم کی عکاسی کرتے ہوئے سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے ملائشیا کا سرکاری دورہ کیا اور رائل ملائشین نیوی کی قیادت سے ملاقات کی۔ رائل ملائشین نیوی ہیڈ کوارٹرز میں رائل ملائشین نیوی کے سربراہ ایڈمرل تان سری (ڈاکٹر) ذوالحلمی بن اثنین نے ایڈمرل نوید اشرف کا استقبال کیا۔ انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ ملاقات میں تیزی سے بدلتے پیچیدہ بحری ماحول میں تذویراتی نقطہ نظر ہم آہنگ کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں سربراہوں نے آپریشنل تعاون بڑھانے ، استعداد کار میں اضافہ اور ابھرتے میری ٹائم سکیورٹی چیلنجز کے خلاف مربوط ردعمل پر اتفاق کیا۔
ایڈمرل نوید اشرف نے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پیٹرولز اور کمبائنڈ میری ٹائم فورسز میں مسلسل شرکت کے ذریعے علاقائی استحکام کیلئے پاک بحریہ کے کلیدی کردار پر روشنی ڈالی اور اعادہ کیا کہ پاکستان ذمہ دار بحری ریاست کے طور پر خطے کی سلامتی کیلئے اپنا فعال کردار جاری رکھے گا۔ انہوں نے نیشنل ہائیڈروگرافک سینٹر کا دورہ کیا جہاں انہیں تکنیکی صلاحیتوں اور بحری سلامتی میں کردار کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ ایڈمرل نوید اشرف نے ہائیڈرو گرافی کو موثر بحری آپریشنز کی بنیاد قرار دیتے ہوئے ، ملائیشیا کے نیشنل ہائیڈرو گرافک سینٹر اور پاکستان کے نیشنل ہائیڈرو گرافک آفس (NHO) کے درمیان ادارہ جاتی روابط، بالخصوص پیشہ ورانہ تربیت اور ڈیٹا کے تبادلے میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ مشترکہ اقدار اور دیرینہ دوستی پر مبنی پاکستان اور ملائیشیا کے بحری تعلقات عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق مسلسل مستحکم ہو رہے ہیں۔ پاک بحریہ کے سربراہ کا یہ دورہ دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان ایک زیادہ مربوط، تعاون پر مبنی اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ شراکت داری کی جانب ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔