وزیراعظم آزاد کشمیر کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو مذاکرات کی دعوت
اوورسیز کشمیری ریاست کا قیمتی اثاثہ ہیں ،فیصل راٹھور کاکنونشن پر خصوصی پیغام
مظفرآباد (بیورو رپورٹ) وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے دوستوں کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ راستے بند کرنے کے بجائے ہمارے ساتھ مل کر عوام کے لیے روشن مستقبل کی نئی راہیں ہموار کریں ۔ اوورسیز کشمیریز کنونشن بارے اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہاکہ اوورسیز کشمیری ریاست کا قیمتی اثاثہ ہیں اور حکومت ان کے ساتھ روابط مضبوط بنانے ، ان کی تجاویز سے استفادہ کرنے اور انہیں ترقیاتی عمل میں مؤثر کردار دینے کے لیے پرعزم ہے ۔میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے دوستوں کو بھی اس کانفرنس میں مدعو کرتا ہوں اور ان سے گزارش کرتا ہوں کہ راستے بند کرنے کے بجائے ہمارے ساتھ مل کر عوام کے لیے روشن مستقبل کی نئی راہیں ہموار کریں ۔انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم کشمیریوں کا خطے کی تعمیر و ترقی میں نمایاں کردار ہے ۔اوورسیز کشمیریز کنونشن کا مقصد اوورسیز کشمیریوں کو ریاست کی ترقیاتی سرگرمیوں میں شامل کرنا، ان کے تجربات اور صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانا اور سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرنا ہے ۔ کنونشن میں پینل مباحثے اور پالیسی ڈائیلاگ ہوں گے جن میں مختلف شعبوں کے نمائندگان، کاروباری شخصیات اور ماہرین شرکت کریں گے ۔ مباحث کے بعد سفارشات مرتب کر کے جامع پالیسی تیار کی جائے گی۔