سید نہال ہاشمی کو گورنر سندھ تعینات کرنے کا فیصلہ، وزیراعظم کی مبارکباد
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت نے سید نہال ہاشمی کو گورنر سندھ تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سمری منظوری کے لئے صدر پاکستان کو بھجوا دی، وزیر اعظم کی نہال ہاشمی سے ملاقات ہوئی جس میں انہیں گورنر سندھ تعیناتی پر مبارکباد دی گئی۔
خیال رہے کہ پیپلز پارٹی کے متعدد رہنما کامران ٹسوری کو ہٹانے کا مطالبہ کرچکے ہیں، پیپلز پارٹی نے حکومت سازی کے وقت کیے گئے معاہدوں کا حوالہ بھی متعدد بار دیا، تاہم ایم کیو ایم نے فوری طور پر مؤقف دینے سے گریز کیا ہے۔
واضح رہے کہ سید نہال ہاشمی وکیل اور سیاست دان ہیں جو مارچ 2015 سے فروری 2018 تک سینیٹ آف پاکستان کے رکن رہے، وہ 1997 سے 1999 تک وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کے مشیر برائے قانون انصاف اور انسانی حقوق رہے۔
وہ 2012 کے دوران کراچی میں پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے، اگست 2014 میں انہیں سندھ میں مسلم لیگ ن چیپٹر کا جنرل سیکرٹری مقرر کیا گیا، اکتوبر 2014 میں انہیں دوبارہ مسلم لیگ (ن) سندھ کا جنرل سیکرٹری مقرر کیا گیا، وہ 2015 کے پاکستانی سینیٹ کے انتخابات میں مسلم لیگ ن کے امیدوار کے طور پر پنجاب سے جنرل نشست پر سینیٹ آف پاکستان کے لیے منتخب ہوئے تھے۔
جون 2017 میں انہوں نے سینیٹ کے چیئرمین سے ملاقات کے بعد سینیٹ سے اپنا استعفیٰ واپس لے لیا، یکم فروری 2018 کو ہاشمی کو سپریم کورٹ آف پاکستان نے توہین عدالت کیس میں سزا سنائی، انہیں ایک ماہ قید کی سزا سنائی گئی اور اگلے پانچ سال تک عوامی عہدہ رکھنے سے روک دیا گیا۔