پاکستان میں قیمتی پتھروں کی برآمدات بڑھانے کیلئے جامع اصلاحات کا فیصلہ
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان میں قیمتی پتھروں کی ویلیو چین بہتر بنانے، شعبے کی ترقی اور برآمدات میں اضافے کے لیے جائزہ اجلاس ہوا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں قیمتی پتھروں کی کان کنی، ویلیو ایڈیشن اور برآمدات کے حوالے سے وسیع استعداد موجود ہے، حکومت اس شعبے کی ترقی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر بھرپور اقدامات کر رہی ہے، قیمتی پتھروں کی شناخت اور سرٹیفکیشن کے لیے بین الاقوامی معیار کی لیبارٹریز کا قیام یقینی بنایا جائے۔
وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ قیمتی پتھروں کی پراسیسنگ کے لیے پاکستانی ماسٹر ٹرینرز کو سری لنکا اور تھائی لینڈ تربیت کے لیے بھیجا جائے، سیکرٹری خارجہ متعلقہ ممالک میں پاکستانی سفیروں کو اس حوالے سے مکمل تعاون فراہم کرنے کی ہدایت کریں۔
یہ بھی پڑھیں: ہر دوائی کی تصدیق ممکن، وزیراعظم نے ’’محفوظ دوا‘‘ ایپلی کیشن کا اجرا کر دیا
شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو قیمتی پتھروں کے ذخائر کی دولت سے مالا مال کیا ہے، تاہم کان کنی کے فرسودہ طریقہ کار کے باعث اس بیش قیمت دولت کا ضیاع ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نجی شعبے کو قیمتی پتھروں کی کان کنی اور پراسیسنگ کے لیے سازگار ماحول فراہم کرے گی۔ مکمل ویلیو چین کے قیام کی جانب مثبت پیش رفت خوش آئند ہے۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان میں تقریباً 300 ملین قیراط قیمتی پتھروں کے ذخائر موجود ہونے کی توقع ہے جبکہ 9 ہزار سے زائد کان کن 30 سے زیادہ اقسام کے پتھروں کی کان کنی سے وابستہ ہیں، اس شعبے سے منسلک کاروباروں کی تعداد 5 ہزار 500 سے زائد ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ خام پتھروں کی برآمد، کان کنی کے دوران 50 فیصد سے زائد ضیاع، جدید مہارتوں کی کمی اور ویلیو ایڈیشن کے محدود مواقع شعبے کی ترقی میں بڑی رکاوٹیں ہیں، جنہیں دور کرنے کے لیے جامع لائحہ عمل مرتب کرلیا گیا ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور اسلام آباد میں سہولت مراکز کے قیام کے لیے 4 ارب 10 کروڑ روپے کا منصوبہ جاری ہے۔
.jpg)
اس کے علاوہ 80 بینکنگ سہولت ڈیسک، ارضیاتی نقشہ سازی، تربیتی مراکز کی بحالی اور بین الاقوامی تعاون کے اقدامات بھی جاری ہیں۔ قومی پالیسی برائے قیمتی پتھر 2026 سے 2030 پر عملدرآمد شروع کردیا گیا ہے۔
مجوزہ اصلاحات میں آزادانہ ریگولیٹری نظام، نیشنل وارنٹی نظام، خام قیمتی پتھروں کی برآمد پر پابندی، مشینری کی درآمد پر ٹیکس اور کسٹمز ڈیوٹی میں چھوٹ، جدید تربیت، مقامی منڈیوں کی ترقی اور نجی شعبے کی شراکت داری شامل ہے، تاکہ کان کنی سے تیار مصنوعات تک مکمل ویلیو چین قائم کی جا سکے۔
وزیرِ اعظم نے قیمتی پتھروں کے شعبے کی ترقی کے لیے سینٹرز آف ایکسیلینس کے قیام اور اصلاحات میں معاونت پر معاون خصوصی توانائی لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد ظفر اقبال اور ان کی ٹیم، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، مشیر صنعت و پیداوار ہارون اختر اور متعلقہ حکام کی کاوشوں کو سراہا۔
اجلاس میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، جام کمال خان، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، مشیر وزیرِ اعظم ہارون اختر، معاون خصوصی توانائی لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد ظفر اقبال اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments