بگ فائیو گلوبل 2026ء میں درجنوں ممالک کی 1800 سے زائد کمپنیوں کی شرکت
دبئی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات نے عالمی تجارت، تعمیرات، انجینئرنگ اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کے میدان میں اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کا ایک مرتبہ پھر بھرپور مظاہرہ کر دیا، جہاں بگ فائیو گلوبل 2026ء میں درجنوں ممالک کی 1800 سے زائد کمپنیوں نے شرکت کی۔
دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں 23 سے 26 نومبر تک جاری رہنے والی چار روزہ عالمی تعمیراتی نمائش بگ فائیو گلوبل 2026ء شاندار کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔ نمائش میں 60 سے زائد ممالک کی 1800 سے زیادہ کمپنیوں اور 20 سے زائد بین الاقوامی پویلینز کی بھرپور شرکت نے دبئی کی عالمی کاروباری مرکز کی حیثیت کو مزید مستحکم کردیا۔
نمائش کے اختتام پر معروف کاروباری شخصیت اور ٹی این ایس گروپ کے منیجنگ ڈائریکٹر طاہر نیاز، ڈاکٹر سالم مبارک العامری اور ہادی طاہر نے متحدہ عرب امارات کی قیادت، دبئی کی عالمی معیار کی انتظامی صلاحیتوں اور شاندار کاروباری ماحول کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے طاہر نیاز نے بگ فائیو گلوبل 2026ء کو ایک غیر معمولی کامیاب عالمی نمائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی دوراندیش قیادت، ترقی پسند اقتصادی پالیسیوں، جدید انفراسٹرکچر اور سرمایہ کاروں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں نے دبئی کو بین الاقوامی کاروباری برادری کی توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بگ فائیو گلوبل جیسی عالمی نمائشیں بین الاقوامی صنعت کاروں، سرمایہ کاروں، انجینئرنگ ماہرین اور کاروباری اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے تجارتی تعلقات کے فروغ، جدید ٹیکنالوجی کے تبادلے اور نئی کاروباری شراکت داریوں کے لیے اہم مواقع فراہم کرتی ہیں، دنیا بھر کی کمپنیوں کی بھرپور شرکت دبئی کے مضبوط اقتصادی مستقبل اور اس کے کاروباری ماحول پر عالمی اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔
المدثر نیوز ایجنسی کے مطابق ٹی این ایس گروپ کے منیجنگ ڈائریکٹر طاہر نیاز، ڈاکٹر سالم مبارک العامری اور ہادی طاہر نے نمائش کے دوران اپنے معروف بین الاقوامی انجینئرنگ برانڈز پر بھی روشنی ڈالی، جن میں امریکہ کے مولر اسٹریم لائن (Mueller Streamline) اور کوپ لینڈ (Copeland)، جنوبی افریقہ کے میکسل ٹیوبز (Maksal Tubes)، یورپ کے ڈینفوس (Danfoss) اور اٹلی کے ڈینا ایس آر ایل (Dena SRL) شامل ہیں۔ یہ عالمی برانڈز مکینیکل انجینئرنگ، ایئرکنڈیشننگ، ریفریجریشن، صنعتی پائپنگ اور جدید تعمیراتی نظام کے شعبوں میں اعلیٰ معیار کی مصنوعات اور جدید تکنیکی حل کے حوالے سے نمایاں مقام رکھتے ہیں۔ وفد نے بین الاقوامی تجارتی روابط، عالمی سپلائی نیٹ ورکس اور اسٹریٹجک کاروباری شراکت داریوں کے فروغ میں دبئی کے کردار کو بھی سراہا۔
طاہر نیاز، ڈاکٹر سالم مبارک العامری اور ہادی طاہر نے بگ فائیو گلوبل 2026ء کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ متحدہ عرب امارات میں عالمی معیار کی نمائشوں کا انعقاد بین الاقوامی تجارت، صنعتی جدت، سرمایہ کاری اور کاروباری ترقی کے مزید مواقع پیدا کرے گا۔
انہوں نے متحدہ عرب امارات کی قیادت کے طویل المدتی اقتصادی وژن، کاروبار دوست پالیسیوں اور جدید انفراسٹرکچر کو دبئی کی مسلسل اقتصادی کامیابی کے بنیادی عوامل قرار دیا، چار روزہ عالمی نمائش کی غیر معمولی وسعت اور بین الاقوامی شرکت نے ایک مرتبہ پھر عالمی تجارت، جدید انجینئرنگ اور صنعتی ترقی کے مرکز کی حیثیت سے دبئی کے بڑھتے ہوئے کردار کو نمایاں کردیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments