ڈرون حملوں کا خطرہ، برطانوی فضائیہ نے جنگی طیارے محفوظ مقامات پر منتقل کرنا شروع کردیے

لندن: (ویب ڈیسک) برطانوی فضائیہ نے ممکنہ ڈرون حملوں سے جنگی طیاروں کو محفوظ رکھنے کے لیے رات کے وقت انہیں ہینگرز اور مضبوط حفاظتی پناہ گاہوں میں منتقل کرنا شروع کردیا ہے، جبکہ غیر محفوظ مقامات پر کھڑے طیاروں کے گرد ڈرون شکن جال لگانے کی منصوبہ بندی بھی کی جا رہی ہے۔

برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق جن جنگی طیاروں کو رن ویز یا ایسے فوجی اڈوں پر کھڑا کرنا ناگزیر ہے جہاں مناسب حفاظتی انتظامات موجود نہیں، ان کے گرد خصوصی حفاظتی جال نصب کیے جائیں گے۔

یوکرین میں روسی ڈرون حملوں سے فوجی سازوسامان، اہم تنصیبات اور شاہراہوں کو محفوظ رکھنے کے لیے اس نوعیت کے حفاظتی جال پہلے ہی استعمال کیے جا رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق برطانوی دفاعی تنصیبات کو لاحق خطرات کے پیش نظر ایم آئی فائیو اور وزارت دفاع نے منگل کو یوکرین کو فوجی سازوسامان فراہم کرنے والی برطانوی کمپنیوں کو خبردار کیا ہے کہ انہیں روس کی جانب سے تخریب کاری کے بڑھتے ہوئے خطرات کا سامنا ہے۔

دوسری جانب ایران کی جانب سے گلوسٹرشائر میں واقع برطانوی فضائی اڈے آر اے ایف فیئر فورڈ کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کا بھی شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔ اس خطرے کے بعد امریکی محکمہ دفاع نے مذکورہ اڈے سے بمبار طیارے منتقل کردیے، جبکہ ایران سے متعلق ایک اور ممکنہ خطرے کی اطلاعات کے بعد امریکی جنگی طیارے برطانیہ کے دوسرے فضائی اڈے سے بھی منتقل کیے گئے ہیں۔

برطانوی فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سر ہارو سمائتھ نے کہا ہے کہ ممکنہ جنگی صورتحال میں طیاروں کو مختلف مقامات پر منتقل کرنے کی مشقیں ضروری ہیں، کیونکہ مستقبل کی جنگ میں برطانیہ کے اندر بھی کوئی مقام مکمل طور پر محفوظ نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ فضائیہ کو ایسی صورتحال کے لیے تیار رہنا ہوگا جس میں برطانوی سرزمین سے کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے طیاروں کو مسلسل مختلف مقامات پر منتقل کرنا پڑے۔

ان کے مطابق رواں موسم گرما میں برطانوی فضائیہ کے مرکزی فضائی نقل و حمل کے مرکز برائز نورٹن میں نیا رن وے تعمیر کیا گیا، جس کے دوران طیاروں کو اسکاٹ لینڈ کے پریسٹ وک اور ولٹ شائر کے بوسکوم ڈاؤن سمیت مختلف مقامات پر منتقل کیا گیا، تاہم فضائی آپریشن متاثر نہیں ہوئے۔

برطانوی فضائیہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اس تجربے سے ثابت ہوا ہے کہ ضرورت پڑنے پر تمام طیاروں کو ایک یا چند فضائی اڈوں تک محدود رکھنے کے بجائے پورے برطانیہ میں پھیلایا جاسکتا ہے اور اس دوران آپریشنز بھی جاری رکھے جاسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ دفاعی اخراجات میں کٹوتیوں کے باعث برطانیہ میں فوجی فضائی اڈوں کی تعداد کم ہوچکی ہے، جس کے نتیجے میں جنگی طیاروں کی منتقلی کے لیے دستیاب متبادل اڈے بھی محدود ہوگئے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...