مشرق وسطیٰ جنگ کے اثرات برطانیہ تک پہنچ گئے، توانائی بلوں میں 26 فیصد اضافے کا اعلان

لندن: (دنیا نیوز) مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے باعث عالمی منڈی میں گیس کی قیمتوں میں اضافے کے بعد برطانیہ میں لاکھوں گھرانوں کے بجلی اور گیس کے بل جنوری سے 26 فیصد بڑھ جائیں گے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق برطانوی توانائی ریگولیٹر آفجیم نے جنوری سے توانائی کی قیمتوں کی حد میں 26 فیصد اضافے کا اعلان کیا ہے۔

اس فیصلے کے نتیجے میں ایک عام برطانوی گھرانے کا سالانہ توانائی بل تقریباً 443 پاؤنڈ (580 ڈالر) اضافے کے بعد 2 ہزار 166 پاؤنڈ تک پہنچ جائے گا۔

آفجیم ہر تین ماہ بعد بجلی اور گیس فراہم کرنے والی کمپنیوں کے لیے صارفین سے وصول کی جانے والی قیمتوں کی حد مقرر کرتا ہے۔

ادارے کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع کے باعث تھوک مارکیٹ میں گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کے براہِ راست اثرات صارفین کے توانائی اخراجات پر مرتب ہو رہے ہیں۔

آفجیم کے ڈائریکٹر جنرل برائے مارکیٹس نیل کینورڈ نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ توانائی کی لاگت میں اضافے کا سبب بن رہی ہے اور موسمِ سرما کی آمد کے ساتھ بلوں میں یہ اضافہ برطانوی گھرانوں کے لیے تشویش کا باعث ہوگا۔

قیمتوں میں اضافے سے برطانیہ کے لاکھوں صارفین متاثر ہوں گے، جنہیں سردیوں کے موسم میں بجلی اور گیس کے اخراجات کی مد میں پہلے سے زیادہ رقم ادا کرنا پڑے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...