ابوظہبی گٹیکس 2026ء میں مصنوعی ذہانت کے 80 سے زائد منصوبے پیش کرنے کیلئے تیار
ابوظہبی: (سید مدثر خوشنود) ابوظہبی حکومت عالمی ٹیکنالوجی نمائش گٹیکس 2026ء میں مصنوعی ذہانت کے 80 سے زائد منصوبے اور اقدامات پیش کرے گی، جبکہ 2027ء کیلئے سرکاری خدمات کے متحدہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم ’’تم‘‘ کی جدید ترین سہولیات بھی متعارف کروائی جائیں گی۔
ان منصوبوں کا مقصد شہریوں، رہائشیوں، کاروباری افراد اور سرکاری ملازمین کا وقت بچانے کے ساتھ حکومتی خدمات کو مزید آسان اور مؤثر بنانا ہے۔
ابوظہبی حکومت اس سال نمائش میں ’’ہم وقت کی قدر کرتے ہیں، آپ کو اس کے بہترین لمحات دیتے ہیں‘‘ کے عنوان کے تحت شرکت کرے گی، اس شرکت کے ذریعے 2027ء تک دنیا کی پہلی ایسی حکومت بننے کے ہدف کو اجاگر کیا جائے گا جس کے تمام نظام اور خدمات بنیادی طور پر مصنوعی ذہانت پر استوار ہوں۔
گٹیکس 2026ء کی سرگرمیوں کا آغاز 7 دسمبر کو دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر سے ہوگا، جبکہ 8 سے 11 دسمبر تک نمائش ایکسپو سٹی دبئی میں جاری رہے گی، ابوظہبی حکومت کے مخصوص حصے میں 30 سے زائد سرکاری ادارے اور تعلیمی تنظیمیں شریک ہوں گی، جہاں مصنوعی ذہانت کے ذریعے عوامی خدمات کی فراہمی اور انتظامی امور میں وقت کی بچت کے طریقے پیش کیے جائیں گے۔
محکمہ برائے حکومتی امور و سہولت کاری ابوظہبی کے چیئرمین احمد تمیم ہشام الکتاب کے مطابق مصنوعی ذہانت کی اصل کامیابی کا اندازہ اس بات سے لگایا جانا چاہیے کہ اس سے عام لوگوں کی زندگیوں میں کیا بہتری آتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس ٹیکنالوجی کے ذریعے شہریوں کو خاندان کے ساتھ وقت گزارنے، رہائشیوں کو نئے شہر میں زندگی بہتر انداز میں شروع کرنے، کاروباری افراد کو اپنے کاروبار کی ترقی اور سرکاری ملازمین کو اہم مسائل پر توجہ دینے کے زیادہ مواقع مل سکتے ہیں۔
ابوظہبی حکومت کے مخصوص حصے میں پانچ ایسے مقامات قائم کیے جائیں گے جہاں آنے والے افراد جدید ٹیکنالوجی اور روزمرہ زندگی میں بہتری لانے والے منصوبوں کا عملی جائزہ لے سکیں گے، ان کے ساتھ متحدہ سرکاری خدمات کے پلیٹ فارم ’’تم‘‘ کا جدید ترین نسخہ بھی پیش کیا جائے گا۔
محکمہ صحت ابوظہبی کا ایک منصوبہ صحت سے متعلق اہم اشاریوں، جسم پر پہنے جانے والے برقی آلات سے حاصل ہونے والے اعداد و شمار اور طبی ریکارڈ کو ایک مشترکہ نظام میں یکجا کرے گا۔
اس کے ذریعے افراد اپنی صحت پر اثر انداز ہونے والے عوامل کو بہتر طور پر سمجھ سکیں گے اور صحت بہتر بنانے کیلئے مناسب اقدامات کر سکیں گے۔
محکمہ تعلیم و علم ابوظہبی چھٹی سے بارہویں جماعت تک کے طلبہ کیلئے ذاتی تعلیمی معلومات اور سہولیات پر مشتمل نظام متعارف کروائے گا۔
اس کے ذریعے طلبہ کو اسکول سے متعلق معلومات اور تعلیمی معاونت حاصل ہوگی، جبکہ والدین بھی سرکاری ڈیجیٹل خدمات کے ذریعے بچوں کی تعلیمی پیش رفت کا جائزہ لے سکیں گے۔
محکمہ اقتصادی ترقی ابوظہبی کاروباری افراد کیلئے مصنوعی ذہانت پر مبنی رہنمائی کی سہولت پیش کرے گا، جو کاروبار کے ابتدائی خیال سے لے کر اس کے آغاز تک مختلف مراحل میں معاونت فراہم کرے گی، یہ خدمت ’’تم‘‘ پلیٹ فارم کے ذریعے طریقہ کار کو آسان بنانے اور وقت بچانے میں مدد دے گی۔
مصنوعی ذہانت کے ذریعے سرکاری ملازمین کے داخلی امور بھی آسان بنائے جائیں گے۔ منظوریوں، جائزوں اور معمول کی انتظامی کارروائیوں کو خودکار نظام کے ذریعے مکمل کیا جا سکے گا، جس سے ملازمین اہم ذمہ داریوں اور عوامی خدمات کی بہتری پر زیادہ توجہ دے سکیں گے۔
اس کے علاوہ محکمہ برائے حکومتی امور و سہولت کاری ایک ایسا ڈیجیٹل خریداری پلیٹ فارم بھی متعارف کرائے گا جو سرکاری خریداری کے مراحل تیز کرنے میں مددگار ہوگا۔
محکمہ برائے حکومتی امور و سہولت کاری کے ڈیجیٹل حکومت کے ڈائریکٹر جنرل وسام لوتاہ نے کہا کہ مکمل طور پر مصنوعی ذہانت پر مبنی حکومت کا قیام ابوظہبی کے تمام سرکاری اداروں کی مشترکہ کوششوں سے ہی ممکن ہے، مربوط ڈیجیٹل ڈھانچہ اور مشترکہ نظام تیار کیے جا رہے ہیں تاکہ ہر ادارے کو پہلے سے کامیاب منصوبوں سے فائدہ اٹھانے کا موقع ملے اور ایک ہی نوعیت کے نظام دوبارہ تیار کرنے کی ضرورت نہ پڑے۔
نمائش میں ابوظہبی کسٹمز کا مصنوعی ذہانت پر مبنی نظام بھی پیش کیا جائے گا، جس کے ذریعے عملہ ان سامان کی کھیپوں پر توجہ دے سکے گا جن کی اضافی جانچ ضروری ہو، جبکہ کم خطرے والی کھیپوں کی تیز تر کلیئرنس سے کاروباری اداروں کو فائدہ پہنچے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments