متحدہ عرب امارات کو فیفا کی عالمی کانفرنس کی میزبانی مل گئی
دبئی: (سید مدثر خوشنود) عالمی فٹبال کی گورننگ باڈی فیفا نے اعلان کیا ہے کہ فیفا فٹبال قانون کی سالانہ کانفرنس 2027ء کا انعقاد 18 اور 19 فروری کو دبئی میں ہوگا۔
کانفرنس کا اہتمام ایشین فٹبال کنفیڈریشن اور متحدہ عرب امارات فٹبال ایسوسی ایشن کے اشتراک سے کیا جائے گا، جس سے دبئی کی عالمی فٹبال مباحثوں کے مرکز کی حیثیت مزید مستحکم ہوگی۔
اس اہم بین الاقوامی کانفرنس میں فٹبال کے قانونی اور انتظامی امور سے متعلق اہم موضوعات زیرِ بحث آئیں گے، ان میں فیفا کے فٹبال ایجنٹس سے متعلق ضوابط، فیفا کلیئرنگ ہاؤس، بین الاقوامی کھلاڑیوں کی منتقلی کے سرٹیفکیٹس، کھلاڑیوں کی حیثیت اور منتقلی سے متعلق ضوابط، عالمی انسدادِ منشیات ضابطہ اور کھیلوں کی ثالثی عدالت کے قانونی فیصلے شامل ہیں۔
متحدہ عرب امارات فٹبال ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل محمد عبداللہ الظاہری نے کہا کہ اس کانفرنس کی میزبانی عالمی فٹبال اداروں کے متحدہ عرب امارات کی صلاحیتوں اور بڑے کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد کی اہلیت پر اعتماد کا اظہار ہے، یہ میزبانی علاقائی، براعظمی اور بین الاقوامی فٹبال ایونٹس کے انعقاد میں متحدہ عرب امارات کے سابقہ تجربات کا تسلسل بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شیخ حمدان بن مبارک النہیان کی سربراہی میں متحدہ عرب امارات فٹبال ایسوسی ایشن ایسے بین الاقوامی اجتماعات کو خصوصی اہمیت دیتی ہے، کیونکہ ان کے ذریعے فیصلہ سازوں اور ماہرین کے ساتھ رابطے، تجربات کے تبادلے اور فٹبال کے مختلف شعبوں کی ترقی سے متعلق خیالات پر گفتگو کے مواقع ملتے ہیں۔
محمد عبداللہ الظاہری نے مزید کہا کہ 2027ء کی کانفرنس میں زیرِ بحث آنے والے قانونی موضوعات تیزی سے تبدیل ہوتے فٹبال کے ماحول میں خاص اہمیت رکھتے ہیں، ایسوسی ایشن اس بات کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے کہ کانفرنس کے تمام انتظامی اور تنظیمی تقاضے اس کی بین الاقوامی حیثیت اور اہمیت کے مطابق پورے کیے جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments