خیبر پختونخوا کے 12 نامزد اضلاع کی ایریا ریپریزنٹیٹو اینڈ ڈویلپمنٹ کونسل کا اجلاس کل طلب
پشاور :(دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کے 12 نامزد اضلاع کی ایریا ریپریزنٹیٹو اینڈ ڈویلپمنٹ کونسل (اے آر ڈی سی) کا اہم اجلاس کل منعقد ہوگا۔
قبائلی عمائدین پر مشتمل کونسل کا پشاور میں یہ تیسرا اجلاس ہوگا جس میں کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نعیم اختر، 12 نامزد اضلاع کے ایڈمنسٹریٹر یحییٰ اخونزادہ اور دیگر اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔
اجلاس میں 12 نامزد اضلاع میں امن و امان کی صورتِ حال، ترقیاتی منصوبوں اور انتظامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا، حکومتی اقدام کے تحت 180 دنوں میں 100 اہداف حاصل کرنے کے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔
دورانِ اجلاس قبائلی عمائدین کو صحت اور تعلیم کے شعبوں میں حکومتی اقدامات سے متعلق بریفنگ دی جائے گی جب کہ جاری انتظامی اصلاحات اور ترقیاتی سرگرمیوں پر کونسل اراکین کی آرا اور تجاویز بھی حاصل کی جائیں گی۔
اس موقع پر 12 نامزد اضلاع کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے قبائلی عمائدین سے مشاورت کی جائے گی، امن کے قیام اور ترقیاتی عمل میں مقامی آبادی کی شمولیت بڑھانے کے امور بھی زیر غور آئیں گے۔
علاوہ ازیں اجلاس کا بنیادی مقصد امن، ترقی اور بہتر طرز حکمرانی کے فروغ کے لیے حکومت اور مقامی نمائندوں کے درمیان مشاورتی عمل کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments