پنجاب بھر میں فضائی آلودگی دوبارہ بڑھ گئی، لاہور دنیا بھر میں سرفہرست
لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب بھر کی فضا ایک بار پھر شدید آلودہ ہونے لگی ہے، جس کے باعث شہریوں کو سانس لینے اور آنکھوں میں جلن جیسی شکایات کا سامنا ہے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور دنیا کے بڑے آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست ہے، لاہور کا مجموعی اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس 318 ریکارڈ کیا گیا ہے، تاہم شہر کے متعدد علاقوں میں صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔
سب سے زیادہ آلودگی برکی روڈ کے علاقے میں دیکھی گئی جہاں اے کیو آئی 540 تک پہنچ گیا، گلبرگ ٹو میں فضائی آلودگی انڈیکس 520 اور علامہ اقبال ٹاؤن میں 320 ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آئندہ چند روز تک بارش کا کوئی امکان نہیں ہے، جس کے باعث سموگ کی شدت برقرار رہنے کا خدشہ ہے، شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 11 اور زیادہ سے زیادہ 26 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 40 فیصد اور ہوا 5 کلومیٹر فی گھنٹہ کی ہلکی رفتار سے چل رہی ہے۔
تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق صوبے بھر میں گوجرانوالہ فضائی آلودگی کے اعتبار سے سرِفہرست ہے، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس خطرناک حد یعنی 810 تک جا پہنچا ہے، جبکہ سرگودھا میں فضائی آلودگی کی شرح 320 ریکارڈ کی گئی ہے، اسی طرح ڈیرہ غازی میں اے کیو آئی 416، سرگودھا میں اے کیوآئی 343 پارٹیکولیٹ میٹرز ریکارڈ کیا گیا ہے، ملتان میں اے کیو آئی اوسط 329 رہی۔
طبی ماہرین نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور باہر نکلتے وقت ماسک کا استعمال یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments