لاہور ہائیکورٹ کا قتل کیس میں عمر قید کے دو ملزمان کو بری کرنے کا حکم

لاہور: (محمد اشفاق) لاہور ہائیکورٹ نے قتل کے مقدمے میں عمر قید کی سزا پانے والے دو ملزمان قیصر اور شمشیر احمد کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے قرار دیا ہے کہ استغاثہ ملزمان کے خلاف جرم ثابت کرنے میں ناکام رہا، جبکہ مقدمے کے شواہد میں موجود تضادات اور قانونی خامیاں سزا برقرار رکھنے کے لیے کافی نہیں۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس غلام سرور نہنگ نے ملزمان کی جانب سے دائر کریمنل اپیل پر فیصلہ سنایا، دونوں ملزمان کو ایڈیشنل سیشن جج کروڑ لعل عیسن، ضلع لیہ نے 2019 میں محمد اسلم کے قتل کے مقدمے میں عمر قید کی سزا سنائی تھی۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ وقوعے کے بعد ایف آئی آر کے اندراج میں غیر واضح تاخیر ہوئی، جبکہ مدعی کی جانب سے پولیس کو 15 پر اطلاع دینے کا دعویٰ بھی ریکارڈ سے ثابت نہیں ہو سکا۔ مقدمے کے اندراج میں تاخیر اور اس حوالے سے شواہد کی عدم وضاحت نے استغاثہ کے مؤقف کو مشکوک بنا دیا۔

فیصلے کے مطابق مدعی نے مقتول کو ہسپتال منتقل کرنے کے لیے استعمال ہونے والی گاڑی، خریداری کا سامان اور اپنے خون آلود کپڑے تفتیشی افسر کے حوالے نہیں کیے، حالانکہ یہ اشیاء وقوعے کے وقت مدعی کی موجودگی اور مقدمے کے دیگر حقائق کی تصدیق کے لیے اہم شواہد ثابت ہو سکتی تھیں۔

عدالت نے پوسٹ مارٹم میں پانچ گھنٹے سے زائد تاخیر، عینی شاہدین کے بیانات میں تضادات اور اسلحے کی برآمدگی سے متعلق شواہد کا بھی جائزہ لیا۔ فیصلے میں قرار دیا گیا کہ فرانزک سائنس ایجنسی کی مثبت رپورٹ بذاتِ خود سزا برقرار رکھنے کے لیے کافی نہیں، خصوصاً جب عینی شہادت قابلِ اعتماد نہ رہے اور مقدمے کے دیگر شواہد بھی شکوک پیدا کریں۔

عدالت نے سابقہ دشمنی اور جائیداد کے تنازع کو بھی دو دھاری تلوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ عوامل ایک طرف قتل کا محرک بن سکتے ہیں، تاہم دوسری جانب ملزمان کو جھوٹا ملوث کیے جانے کے امکان کو بھی نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

جسٹس غلام سرور نہنگ نے قرار دیا کہ فوجداری مقدمات میں ملزم کے خلاف جرم شک سے بالاتر ثابت کرنا استغاثہ کی ذمہ داری ہے۔ ملزم کو شک کا فائدہ دینے کے لیے متعدد شکوک کا ہونا ضروری نہیں بلکہ ایک معقول شک بھی بریت کی بنیاد بن سکتا ہے۔ جب استغاثہ کی شہادت میں ایسے تضادات اور خامیاں موجود ہوں جو جرم ثابت ہونے کے حوالے سے معقول شک پیدا کریں تو ملزم کو سزا دینا قانونی طور پر درست نہیں۔

لاہور ہائیکورٹ نے دونوں ملزمان قیصر اور شمشیر احمد کی عمر قید کی سزائیں کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں بری کرنے کا حکم دے دیا، جبکہ سزا میں اضافے کے لیے مدعی کی جانب سے دائر کریمنل ریویژن بھی خارج کر دی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...