پنجاب اسمبلی میں ممتاز چانگ کا احتجاج، اپوزیشن میں بیٹھنے کی دھمکی دے دی

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں پیپلزپارٹی کے رکن اسمبلی ممتاز چانگ کو بات کرنے کی اجازت نہ ملنے پر ایوان میں احتجاج، ممتاز چانگ نے اپوزیشن میں بیٹھنے کی دھمکی دے دی۔

پینل آف چیئرپرسن ملک ارشد نے ممتاز چانگ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی بات سن لی ہے، اپنی نشست پر جا کر بیٹھیں، جس پر ممتاز چانگ نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ صبح سے ایوان میں بیٹھے ہیں، کیا ہم بھیک مانگنے آئے ہیں؟ ہمیں بات کرنے کی اجازت نہیں دی جاتی۔

ممتاز چانگ نے کہا کہ جب ہماری قیادت حکم کرے گی تو ہم اپوزیشن میں بیٹھ جائیں گے، اگر اپوزیشن میں بیٹھ گئے تو پھر اپوزیشن کرکے دکھائیں گے اور آپ کی حکومت بھی قائم نہیں رہے گی۔ اگر ہماری بات نہ سنی گئی تو کورم کی نشاندہی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہماری بات سننا پڑے گی، میری آواز آپ کو پسند نہیں تو میں اجلاس چھوڑ کر چلا جاؤں گا، اگر ہم عوام کی بات نہیں کریں گے تو عوام ہمارا گریبان پکڑے گی۔

ممتاز چانگ کا کہنا تھا کہ میرے علاقے میں 20 ہزار افراد نے شوگر مافیا کے خلاف احتجاج کیا لیکن وزیراعلیٰ نے کوئی نوٹس نہیں لیا، وزیراعلیٰ کو صرف خراج تحسین پسند ہے لیکن عوامی مسائل کا حل پسند نہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی وجہ سے ہمیں بھی فارم 47 کے طعنے ملتے ہیں، ہمارے ساتھ زیادتی نہ کی جائے، ہم عوامی مسائل ایوان میں لے کر آتے ہیں۔

پیپلزپارٹی کے رکن اسمبلی نے مزید کہا کہ اگر میں کرپشن پر بات کروں تو یہ بھی درست ہے، چوہدری سالک حسین نے بھی کرپشن پر درست بات کی، پنجاب میں کرپشن ہے۔

پینل آف چیئرپرسن ملک ارشد ایڈووکیٹ نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ تمام نمائندے عوامی مینڈیٹ لے کر جمہوری طریقے سے آئے ہیں، آپ کو ایسی بات نہیں کرنی چاہیے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...