نجی زمین پر مزار بن جانے سے ملکیت محکمہ اوقاف کی نہیں ہوجاتی، سپریم کورٹ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے قرار دیا ہے کہ کسی نجی زمین پر قبر یا مزار تعمیر ہوجانے اور وہاں عقیدت مندوں کی آمدورفت شروع ہونے سے زمین خودبخود محکمہ اوقاف کی ملکیت نہیں بن جاتی۔

سپریم کورٹ نے محکمہ اوقاف کی جانب سے نجی زمین کا انتظام اور قبضہ سنبھالنے کے اقدام کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب کی اپیل خارج کردی۔

جسٹس شاہد وحید کی جانب سے 10 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ زمین کو وقف قرار دینے کے لیے اس کی مستقل وقفیت ثابت کرنا ضروری ہے، جبکہ محض زائرین کی آمد اور نذرانوں کی وصولی سے زمین کی ملکیت محکمہ اوقاف کو منتقل نہیں ہوتی۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ اگر کوئی شخص اپنی نجی زمین پر کسی عزیز کی قبر تعمیر کرتا ہے تو اس عمل سے زمین وقف نہیں ہوجاتی۔

اسی طرح کسی نجی زمین پر مزار قائم ہونے اور وہاں زائرین کی آمدورفت یا نذرانے جمع ہونے کو بھی زمین کی مستقل وقفیت کا ثبوت قرار نہیں دیا جاسکتا۔

فیصلے کے مطابق محکمہ اوقاف کسی نجی ملکیتی زمین کو مالک کی رضامندی کے بغیر اپنی تحویل میں لینے یا اس کا انتظام سنبھالنے کا مجاز نہیں، زندہ وقف کنندہ کی رضامندی کے بغیر بھی محکمہ اوقاف زمین کا انتظام اپنے ہاتھ میں نہیں لے سکتا۔

سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ کسی زمین کو وقف قرار دینے کا دعویٰ کرنے والے فریق پر اس کی مستقل وقفیت ثابت کرنے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے، محض زمین کے ریونیو ریکارڈ میں دربار کا اندراج ہوجانا بھی اس بات کا ثبوت نہیں کہ زمین محکمہ اوقاف کی ملکیت ہے۔

عدالت نے مزید قرار دیا کہ محکمہ اوقاف کی جانب سے قانونی تقاضے پورے نہ کرنے اور نوٹس کی عدم تعمیل کے باعث زمین کا انتظام سنبھالنے سے متعلق نوٹیفکیشن قانونی حیثیت نہیں رکھتا۔

سپریم کورٹ نے محکمہ اوقاف کا 19 نومبر 2003 کا نوٹیفکیشن غیر قانونی اور بے اختیار قرار دیتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا، تاہم اس کی وجوہات میں مزید قانونی وضاحت بھی کردی۔

عدالت نے محکمہ اوقاف کو 5 کنال 3 مرلے اراضی اور اس پر قائم عمارتوں کا انتظام، کنٹرول اور قبضہ 30 روز کے اندر اصل مالک کو واپس کرنے کا حکم دیا ہے۔

سپریم کورٹ نے متعلقہ ریونیو حکام کو بھی ہدایت کی ہے کہ محکمہ اوقاف کے مذکورہ نوٹیفکیشن کی بنیاد پر اراضی کے ریکارڈ میں کی گئی تبدیلیاں درست کی جائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...