بھارتی نژاد امریکی شہری کو پاکستان اوریجن کارڈ جاری کرنے کی درخواست مسترد
لاہور: (محمد اشفاق) لاہور ہائیکورٹ نے بھارتی نژاد امریکی شہری کو پاکستان اوریجن کارڈ (POC) جاری کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ پاکستانی خاتون سے شادی کسی غیر ملکی شہری کو پاکستان اوریجن کارڈ کے حصول کا غیر مشروط قانونی حق نہیں دیتی، قومی سلامتی کے تقاضے پورے کیے بغیر کسی غیر ملکی شہری کو پاکستان اوریجن کارڈ جاری نہیں کیا جا سکتا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد اجمل زاہد نے ڈاکٹر طلحہ معاذ غلام جیلانی کی آئینی درخواست خارج کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا، عدالت نے فیصلے میں قرار دیا کہ پاکستان اوریجن کارڈ کا اجرا درخواست گزار کا خودکار یا غیر مشروط قانونی حق نہیں بلکہ اس کے لیے متعلقہ قانونی تقاضوں اور سکیورٹی کلیئرنس کا حصول ضروری ہے۔
تحریری فیصلے کے مطابق درخواست گزار بھارتی نژاد امریکی شہری ہے، جس نے 1990 میں اسلام قبول کیا، قبول اسلام کے بعد اس نے اپنا نام ڈاکٹر جے سنگھا شمراؤ شندے سے تبدیل کرکے ڈاکٹر طلحہ معاذ غلام جیلانی رکھ لیا، درخواست گزار کا مؤقف تھا کہ اس نے 2007 میں امریکی شہریت حاصل کرنے سے قبل بھارتی شہریت ترک کردی تھی۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ کسی شخص کا بھارتی نژاد ہونا بذات خود اس کی بھارتی شہریت کا ثبوت نہیں اور نہ ہی محض بھارتی نژاد ہونے کی بنیاد پر اسے پاکستان اوریجن کارڈ کے حصول کے لیے نااہل قرار دیا جا سکتا ہے، تاہم پاکستانی خاتون سے شادی کے باوجود غیر ملکی شوہر کو سکیورٹی کلیئرنس سمیت تمام قانونی تقاضے پورے کرنا ہوں گے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ بھارت اور افغانستان سے تعلق رکھنے والے درخواست گزاروں کی آئی ایس آئی اور آئی بی سے سکیورٹی جانچ پڑتال کی پالیسی برقرار ہے، درخواست گزار کو متعلقہ سکیورٹی اداروں کی جانب سے مثبت سفارشات نہ ملنے کے باعث پاکستان اوریجن کارڈ جاری نہیں کیا گیا۔
عدالت نے قرار دیا کہ قومی سلامتی سے متعلق معاملات میں ہائیکورٹ سکیورٹی اداروں کی رائے کی جگہ اپنی رائے نہیں دے سکتی، خصوصی حالات میں پاکستان اوریجن کارڈ جاری کرنے کا اختیار وفاقی حکومت کے پاس ہے، تاہم اس کا اجرا کسی درخواست گزار کا غیر مشروط قانونی حق نہیں۔
تحریری فیصلے میں مزید کہا گیا کہ آئین پاکستان کا آرٹیکل 35 شادی اور خاندان کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے، لیکن یہ آئینی شق کسی غیر ملکی شہری کو پاکستان اوریجن کارڈ جاری کرنے کا خودکار حق فراہم نہیں کرتی، پاکستان اوریجن کارڈ کے اجرا کے لیے شادی کے ساتھ قانونی اور قومی سلامتی سے متعلق تقاضے پورے کرنا بھی ضروری ہیں۔
عدالت کے مطابق درخواست گزار حکام کے فیصلے میں بدنیتی، غیر قانونی اقدام یا اختیارات کے ناجائز استعمال کو ثابت کرنے میں ناکام رہا، درخواست میں میرٹ، قانونی جواز اور ٹھوس بنیادیں موجود نہ ہونے کے باعث آئینی درخواست خارج کی جاتی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments