جنوبی پنجاب میں خشک سالی کا خدشہ؛ پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے آئندہ مہینوں میں معمول سے کم بارشوں کے پیشِ نظر جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میں خشک سالی کے خدشے سے متعلق الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں اور ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی بنیادوں پر پیشگی اقدامات کی ہدایت کر دی ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے کمشنر بہاولپور، سرگودھا اور ڈیرہ غازی خان سمیت 9 اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو باضابطہ مراسلہ جاری کیا گیا ہے۔

مراسلے میں بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان، لیہ، مظفرگڑھ، راجن پور، کوٹ ادو اور بھکر شامل ہیں، اس کے علاوہ محکمہ لوکل گورنمنٹ، زراعت، آبپاشی، ماحولیات، صحت، لائیو سٹاک، جنگلات، تعلیم، ٹرانسپورٹ اور ریسکیو 1122 کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق دسمبر 2026 سے فروری 2027 تک جنوبی پنجاب میں معمول سے کم بارشوں کا امکان ہے، جس کے باعث خشک موسم برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ گزشتہ مون سون میں معمول سے کم بارشوں کے سبب زرعی زمینوں میں نمی کی کمی ہو سکتی ہے جبکہ دستیاب آبی وسائل پر بھی دباؤ بڑھنے کا اندیشہ ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے محمد خضر افضال نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر خشک سالی کے ممکنہ اثرات سے نمٹنے کیلئے تمام تر انتظامی وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکموں کے مابین مؤثر رابطہ کاری یقینی بنائی جائے اور تمام اضلاع میں قائم ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز میں عملے کی 24 گھنٹے موجودگی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...