بنگلہ دیشی سپیکر حافظ الدین کی اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد کے ہمراہ پاکستان آمد

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بنگلہ دیش کے سپیکر حافظ الدین احمد بیر بکرم اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچ گئے، وہ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی خصوصی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بنگلہ دیشی ہم منصب اور ان کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا، پاک۔بنگلہ دیش پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کی کنوینر ڈاکٹر شازیہ ثوبیہ اسلم سومرو بھی موجود تھیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ بنگلہ دیشی پارلیمانی وفد کا دورہ دونوں برادر ممالک کے مابین پارلیمانی تعلقات کے ایک نئے دور کا آغاز ہے، بنگلہ دیشی اسپیکر کا دورۂ پاکستان پارلیمانی روابط کے فروغ کے حوالے سے ایک تاریخی سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، بنگلہ دیش کے کسی سپیکر کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ بنگلہ دیشی سپیکر اور اعلیٰ سطحی وفد کی پاکستان آمد باعثِ مسرت ہے، پاکستان اور بنگلہ دیش مشترکہ تاریخ، ثقافت اور برادرانہ تعلقات کے مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط کا فروغ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے دونوں ممالک ایک دوسرے کے پارلیمانی تجربات اور بہترین روایات سے استفادہ کر سکیں گے، جبکہ اعلیٰ سطحی روابط باہمی تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔

بنگلہ دیش کے سپیکر حافظ الدین احمد بیر بکرم نے پرتپاک استقبال پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دورہ ان کے لیے باعثِ مسرت اور اعزاز ہے، پاکستان آمد پر ماضی کی خوشگوار یادیں بھی تازہ ہوگئی ہیں۔

حافظ الدین احمد بیر بکرم نے کہا کہ پارلیمانی روابط دونوں برادر اقوام کو مزید قریب لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان قریبی تعاون سے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔

بنگلہ دیشی سپیکر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی وفود کے تبادلوں اور اعلیٰ سطحی روابط کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں تاکہ باہمی تعاون اور دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جا سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...