لاہور میں 3 روز کیلئے دفعہ 144 نافذ، جلسوں اور اجتماعات پر پابندی

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر 3 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی گئی، جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، پابندی 24 سے 26 نومبر تک برقرار رہے گی۔

ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے دفعہ 144 کے نفاذ کے احکامات جاری کیے ہیں، جس کے تحت عوامی مقامات پر پانچ یا اس سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی عائد کردی گئی ہے، شہر میں جلسوں، جلوسوں، ریلیوں، دھرنوں اور مظاہروں کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کی رپورٹس کی روشنی میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، دہشت گرد تنظیموں اور دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کی جانب سے ممکنہ خطرات کی نشاندہی کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ جلسے، جلوس، ریلیاں، دھرنے اور عوامی اجتماعات دہشت گردی کا ممکنہ ہدف بن سکتے ہیں، جبکہ عوامی اجتماعات کے دوران کسی ناخوشگوار واقعے یا دہشت گردی کے امکان کو بھی رد نہیں کیا جا سکتا۔

انتظامیہ کے مطابق بعض عناصر کی سرگرمیوں سے امن عامہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ انسانی جانوں، املاک اور اہم تنصیبات کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔

ڈپٹی کمشنر کے احکامات کے مطابق لاہور کی سڑکوں، شاہراہوں، موٹرویز، گلیوں اور کھلے مقامات پر پانچ یا اس سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی ہوگی، دفعہ 144 کا نفاذ 26 نومبر تک جاری رہے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...