وفاقی آئینی عدالت کا قیام درست سمت میں پیش رفت ثابت ہو رہا ہے: اعظم نذیر تارڑ

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ وفاقی آئینی عدالت کا قیام درست سمت میں پیش رفت ثابت ہو رہا ہے۔

وفاقی آئینی عدالت کے قیام کا پہلا سال مکمل ہونے پر پاکستان بار کونسل کے زیر اہتمام تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وفاقی آئینی عدالت، سپریم کورٹ اور ہائیکورٹس کے ججز سمیت اہم قانونی شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ وفاقی آئینی عدالت کا قیام وقت کی ضرورت اور سیاسی قیادت و وکلاء کا مشترکہ مطالبہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ 27ویں آئینی ترمیم کی ایک ایک شق اور لفظ پر وکلاء کے ساتھ تفصیلی مشاورت کی گئی، وکلاء کے اجتماع میں ترمیم پر کھل کر اور دوٹوک انداز میں بحث ہوئی، وکلاء کی تجاویز شامل کرنے کے بعد بل پارلیمنٹ میں پیش کیا گیا۔

وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ ماضی میں آئین کے آرٹیکل 184(3) کے استعمال کے طریقہ کار پر بھی سنجیدہ سوالات اٹھائے گئے، سابق وزیراعظم کو پھانسی کی سزا سنانے والے بینچ میں وفاقی اکائیوں کی نمائندگی کیا تھی؟

اعظم نذیر تارڑ نے سوال اٹھایا کہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں کا تعین عدلیہ کا نہیں بلکہ انتظامیہ کا اختیار ہے، کیا قیمتیں مقرر کرنا بھی عدلیہ کی ذمہ داری ہے؟

اُن کا کہنا تھا کہ وفاقی آئینی عدالت کے قیام کا فیصلہ درست سمت میں پیش رفت ثابت ہو رہا ہے، اگر سپریم کورٹ ایک ہی مقدمے میں مصروف رہتی تو عام شہریوں کو انصاف کیسے ملتا؟ بکریاں فروخت کرکے اپیل دائر کرنے والے عام شہری محمد بوٹا کو انصاف کب ملتا؟

وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ یہ خوش آئند ہے کہ سپریم کورٹ اور ججز نے عدالتی نظام میں اس تبدیلی کو قبول کیا، آج عام شہری اس اعتماد کے ساتھ سپریم کورٹ اور وفاقی آئینی عدالت آتا ہے کہ اس کے مقدمے کی سماعت ہوگی، وفاقی آئینی عدالت اور سپریم کورٹ میں عام سائلین کے مقدمات کی سماعت میں بہتری آئی ہے۔

اعظم نذیر تارڑ نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں وکلاء نے پارلیمنٹ کے اختیارات کے حق میں فیصلہ سنا دیا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...