عمران کی 5 ، بشریٰ کی 2کیسز میں گرفتار ی روک دی گئی
اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے ،اے پی پی) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ کی عدالت نے عمران کی سابق وزیر محسن شاہنواز رانجھا کو قتل کرنے کی کوشش سمیت5 مقدمات میں گرفتاری روک دی اور ان کوویڈیو لنک پر عدالت پیش کرنے کاحکم دے دیا۔
جبکہ بشریٰ بی بی کی بھی ایک مقدمہ میں گرفتاری روک دی ،گذشتہ روز سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی جانب سے معاون وکلاء خالد یوسف چودھری، شمسہ کیانی اور دیگر عدالت پیش ہوئے ،عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ضمانت قبل از گرفتاری میں توسیع کرتے ہوئے سماعت18 فروری تک ملتوی کردی،عمران خان کے خلاف 9 مئی، اقدام قتل، جعلی رسیدوں سمیت دیگر مقدمات جبکہ بشریٰ بی بی کیخلاف مبینہ جعلی رسیدیں جمع کروانے پر مقدمہ درج ہے ،دریں اثنا ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عامر ضیاء کی عدالت نے 26 نومبراحتجاج کیس میں بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی،ان کی گرفتار ی روکتے ہوئے درخواست ضمانت پر سماعت 18 فروری تک ملتوی کردی،علاوہ ازیں سپریم کورٹ میں عمران خان سے متعلق متعدد اہم مقدمات کی سماعت آج ہوگی ،یہ مقدمات جسٹس ہاشم خان کاکڑ کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ سنے گا ۔کاز لسٹ کے مطابق ریاست کی جانب سے عمران خان اور بشریٰ کے خلاف ضمانت منسوخی کی درخواستیں ، عمران خان کی جانب سے دائر فوجداری درخواست برائے معطلی سزا ، وفاقِ پاکستان کی جانب سے آفیشل سیکرٹس ایکٹ 1923 کے تحت بریت کے فیصلوں کے خلاف دائر اپیلیں ، سول نوعیت کے دو مقدمات سماعت کیلئے مقرر ہیں۔