پی ٹی اے کی ریگولیٹری بینچ مارک میں G5کیٹیگری برقرار
آئی ٹی یو 2025کے بینچ مارک میں 75.77کا سکور اصلاحات کے تسلسل کا عکاس پاکستان کی رینج 60تا 80میں مستحکم، لیڈنگ درجہ 80تا 100کی جانب پیش قدمی
اسلام آباد (نیوز رپورٹر)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکیشن یونین کے ریگولیٹری بینچ مارک 2025 میں ففتھ جنریشن (G5) ریگولیٹر کی حیثیت برقرار رکھتے ہوئے کامیابی حاصل کر لی۔ پاکستان نے مجموعی 75.77 سکور حاصل کیا۔ پی ٹی اے کی پریس ریلیز کے مطابق پاکستان پہلی بار 2021 میں 58.64 سکور کے ساتھ G5 کیٹیگری میں شامل ہوا تھا جو 2023 میں بڑھ کر 68.36 ہو گیا۔ 2025 میں 75.77 سکور حاصل کرنا اس امر کی عکاسی کرتا ہے کہ ملک میں ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے میں ریگولیٹری اصلاحات، مؤثر سپیکٹرم مینجمنٹ، مسابقتی فریم ورک کے استحکام اور ڈیجیٹل پالیسی ہم آہنگی کیلئے مسلسل اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ پاکستان بدستور \"ایڈوانسڈ\" ریگولیٹری میچورٹی رینج (60 تا 80) میں شامل اور \"لیڈنگ\" درجے (80 تا 100) کی جانب تیزی سے پیش قدمی کر رہا ہے ۔ اس پیش رفت سے عالمی سطح پر پاکستان کی ریگولیٹری صلاحیتوں کے اعتراف میں مزید اضافہ ہوگا۔