پاک بحریہ کا ریسکیو آپریشن، غیر ملکیوں سمیت 18 افراد کو بچا لیا
بحیرہ عرب میں ایم وی گولڈ آٹم سے ہنگامی سگنل موصول ، پی این ایس حنین کا ایکشن چین، بنگلہ دیش، ویتنام، انڈونیشیا کے شہری کراچی منتقل،وزیراعظم کاخراج تحسین
کراچی،اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،نامہ نگار) پاک بحریہ نے شمالی بحیرۂ عرب میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے تجارتی بحری جہاز ایم وی گولڈ آٹم سے موصول ہونے والے ہنگامی سگنل کے بعد 18 افراد پر مشتمل عملے کو بحفاظت ریسکیو کر لیا۔ پاکستانی بحریہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستانی ساحل سے تقریباً 200 ناٹیکل میل (تقریباً 370 کلومیٹر) جنوب میں موجود اس تجارتی بحری جہاز سے ریسکیو کیے گئے افراد میں چین، بنگلہ دیش، میانمار، ویت نام اور انڈونیشیا کے شہری شامل ہیں۔پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی (پی ایم ایس اے ) نے ہنگامی اطلاع موصول ہونے پر اپنے میری ٹائم ریسکیو کوآرڈی نیشن سینٹر کو فعال کیا۔ پاکستانی بحریہ نے فوری طور پر مناسب حکمت عملی اپناتے ہوئے سمندری حدود کی نگرانی پر مامور اپنے جہاز پی این ایس حنین کو امدادی کارروائی کے لیے روانہ کیا۔پی این ایس حنین نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لیتے ہوئے پیشہ وارانہ مہارت اور آپریشنل صلاحیت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
پاک بحریہ کے ماہرین پر مشتمل ٹیم نے تجارتی بحری جہاز پر لگی آگ بجھانے میں معاونت اور متاثرہ افراد کوطبی امداد فراہم کرنے کے علاوہ عملے کو بحفاظت ریسکیو کیا اور تجارتی بحری جہاز کو پہنچنے والے نقصانات کا جائزہ لیا۔ ریسکیو کیے گئے افراد کو مزید طبی امداد اور بعد ازاں اپنے ممالک واپسی کے لیے کراچی منتقل کر دیا گیا۔پاکستان کی وسیع سمندری حدود میں پاکستانی بحریہ کی جانب سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کی جانے والی یہ کارروائی ظاہر کرتی ہے بحریہ کسی بھی قسم کے ہنگامی حالات میں ہمیشہ بروقت، مؤثر اور سب سے پہلے مدد کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہتی ہے ۔دریں اثنا وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے شمالی بحیرۂ عرب میں ہنگامی انسانی امدادی کارروائی کے دوران مختلف ممالک کے 18 افراد پر مشتمل عملے کو بحفاظت ریسکیو کرنے پر پاک بحریہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، فوری ردعمل اور انسان دوستی کے جذبے کو سراہا۔ وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ اپنی ذمہ داری کے دائرۂ کار میں ہر قسم کی بحری ہنگامی صورتحال میں ہمیشہ اولین امدادی ادارے کے طور پر کردار ادا کرتی رہے گی۔