حکومت اپنا وقت پورا کرے گی : محسن نقوی

حکومت اپنا وقت پورا کرے گی : محسن نقوی

جولائی، اگست میں کچھ نہیں ہونے والا،اتحادی جماعتوں میں رابطے برقرار ہماری غلطی ہے ہم اے جے کے کی ایکشن کمیٹی کی ہر ڈیمانڈ مانتے جاتے ہیں

لاہور(نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا جولائی، اگست میں کچھ نہیں ہونے والا ، پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، یہ حکومت اپنا وقت پورا کرے گی، ڈھائی ڈھائی سال کا منصوبہ میرے علم میں نہیں، سہیل وڑائچ صاحب اب عمر کے اس حصے میں آگئے ہیں کہ ریٹائرمنٹ لے لیں، انکی ابھی تک ایک چیز ثابت نہیں ہوئی، انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں اور اتحادی جماعتوں کے درمیان رابطے برقرار ہیں۔قذافی سٹیڈیم میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران انہوں نے کہا ایران امریکا کی صلح جلد ہو جائے گی، اچھی خبر ایک دو دن میں آئے گی، جہاں پر چیزیں طے ہوں گی وزیراعظم اور فیلڈ مارشل اس میں ساتھ ہوں گے۔

انہوں نے کہا یہ ہماری غلطی ہے ہم اے جے کے کی ایکشن کمیٹی کی ہر ڈیمانڈ مانتے جاتے ہیں، وہ اٹھائیس نکات لائیں اور ہم چھبیس مان لیں لیکن پھر بھی وہ راضی نہیں ۔وہ پہلے گندم میں رعایت لے گئے ۔پھر بجلی پر احتجاج ! بجلی کی قیمت انتہائی کم کر دی تب بھی احتجاج!بجلی ہمیں بھی تین روپے چاہیے اس طرح تو ہم بھی احتجاج کریں، انکی ڈیمانڈ ہے کہ وہ مخصوص سیٹیں ختم ہو جائیں، انڈیا نے چالیس لاکھ نان کشمیری بٹھا دیا اور ہم کشمیریوں کی سیٹیں ختم کر دیں۔انہوں نے کہا صرف پاکستان ہی نہیں تیل کی قیمتیں بڑھنے سے پوری دنیا متاثر ہوئی ہے ۔

پوری دنیا کی معیشت خراب گزر رہی ہے اس وجہ سے پورا نظام ہل گیا لیکن ہم پھر بھی اچھے طریقے سے چل پڑے ، ہم نے تعلقات کو استعمال کر کے فیول دائیں بائیں سے اکٹھا کرلیا، مجھے پتا ہے کہ تب 500 سے زائد کا پٹرول ہوجانا تھا ، اگر ارینج نہ ہوتا، میرے علم میں ایسا کوئی فارمولا نہیں ہے ۔اللہ کا شکر ہے ہم بچ گئے ہیں اور ابھی ہمارے ملک میں حالات بہت بہتر ہیں ۔ انہوں نے کہا زراعت کے شعبے میں ڈاؤن فال ہونا ہمارے لیے پریشان کن ہے ۔ انہوں نے کہا زرعی پیداوار میں کمی ملک کی معیشت کے لیے بڑا چیلنج ہے ، جس پر حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں