آل پاکستان ٹرانسپورٹرز کی بھی 8اگست سے پہیہ جام ہڑتال
ڈیزل کی روزانہ قیمت تبدیل ہونے سے کاروبار کرنا ممکن نہیں رہا:عہدیداران آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے وفد کی ایڈیشنل آئی جی موٹروے سے ملاقات
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )گڈز ٹرانسپورٹرز کے بعد آل پاکستان ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے بھی 8 اگست سے ملک گیر پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کر دیا۔نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آل پاکستان ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے کہا ہے کہ حکومت ڈیزل کی روزانہ قیمت تبدیل کر رہی ہے جس وجہ سے کاروبار کرنا ممکن نہیں ، ہم روزانہ کی بنیاد پر ڈیزل کی قیمت میں تبدیلی برداشت نہیں کر سکتے ،ٹول ٹیکس بھی 250 سے بڑھا کر 750 کر دیا گیا جبکہ ود ہولڈنگ ٹیکس بھی بڑھا دیا گیا ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ود ہولڈنگ ٹیکس 7 فیصد سے کم کر کے 2 فیصد پر لایا جائے ۔انہوں نے بتایا کہ گاڑی پر ایک کارٹن بھی غیر کسٹم شدہ ہوگا تو گاڑی ضبط کرنے کا کہہ دیا گیا ہے ، اگر کوئی ایسا کارٹن ہو تو پرانے قانون کی طرح 20 فیصد جرمانہ کرکے گاڑی کو چھوڑا جائے لیکن اس وقت حکومت نے ایکسل لوڈ گاڑیوں کو کمائی کا ذریعہ بنا لیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ لوڈ شدہ گاڑیوں کو فیکٹریوں سے لوڈنگ کے دوران روکا جائے ، ہیوی لوڈ گاڑی سے اس وقت حکومت چالان کی مد میں منافع کما رہی ہے ، ہم مطالبہ کرتے ہیں ٹول ٹیکس 2024 کے ٹیکس پر واپس لایا جائے ، اگر ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو 8 اگست کو ملک گیر ہڑتال کریں گے ۔ دوسری جانب آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے وفد کے ہمراہ ایڈیشنل آئی جی موٹروے جاوید اکبر ریاض سے ملاقات کی ہے ۔ اس دوران موٹروے پولیس کے ناجائز جرمانوں اور ایکسل لوڈ پر عمل درآمد کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ 8 اگست کو ہماری ملک گیر پرامن ہڑتال ہوگی، وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتیں ہمارے مطالبات تسلیم کریں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments