خیبرپختونخوا میں اگلے ہفتے پی ٹی آئی کی رٹ ختم : نجم سیٹھی

 خیبرپختونخوا میں اگلے ہفتے پی ٹی آئی کی رٹ ختم : نجم سیٹھی

حالات خراب،جو کچھ ہونے والا وہ پی ٹی آئی کے خلاف نہیں قومی سلامتی کیلئے ہوگا لانگ مارچ مجبوری کے تحت ملتوی کیاگیا:آج کی بات سیٹھی کیساتھ میں تجزیہ

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)سینئر تجزیہ کار نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت تیاری کر رہی ہے کہ خیبرپختونخوا کی حکومت کو قانونی طور پر ٹیک اوور کیا جائے ،اسٹیبلشمنٹ کے قریبی پانچ چھ لوگوں کی طرف سے بھی اشارے ہو رہے ہیں کہ یہ چیز ہونے جا رہی ہے، اب دیکھنا یہ ہے کہ وفاقی حکومت کیا فیصلہ کرتی ہے ؟میراخیال ہے کہ قومی سلامتی کی وجہ سے ہمیں اب خیبرپختونخوا کے اندر ٹیک اوور کرنا پڑے گا کیونکہ سرحدی علاقوں میں مسئلے ہورہے ہیں،اگر ایسا ہوتا ہے پی ٹی آئی کو تکلیف ہو گی کیونکہ وہ وہاں پاور میں ہے ،اس کو قبول نہیں کرے گی، وفاقی حکومت جو کرنے جا رہی ہے اس سے پی ٹی آئی حکومت کی رٹ ختم ہو جائے گی، اگلے ہفتے ہو جائے گا۔

دنیا نیوز کے پروگرام آج کی بات سیٹھی کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے مزید کہا کہ اگر گورنر راج لگا تو پی ٹی آئی کی طرف سے سخت ردعمل آئے گا،اگر حکومت پی ٹی آئی کو کچلنے کیلئے گورنر راج لگاتی ہے تو مسئلہ بن جائے گا، وجہ یہ ہے کہ پہلے جب بھی گورنر راج لگتا رہا،اس میں دو سیاسی جماعتیں ہوتی تھیں یعنی اپوزیشن اور حکومت،ان کے آپس کے درمیان سازشیں ہوتی تھیں، گورنر راج لگ جاتا تھا، عوام ان میں شامل نہیں ہوتے تھے ،خیبرپختونخوا میں عوام شامل ہیں،پی ٹی آئی حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں ،اگر حکومت پی ٹی آئی کے ساتھ کچھ کرے گی تو وہاں کے عوام بھی متاثر ہو ں گے۔

انہوں نے کہا خیبرپختونخوا کے اندر حالات خراب ہوتے جارہے ہیں،پہلے کوہاٹ پولیس لائنز پر حملہ ہوا ،ہم نے افغانستان کے علاقوں میں بمباری کی ہے ،طالبان ترجمان کی طرف سے کہا جارہا ہے کہ اس کا جواب دیں گے ،پھر ڈی آئی خان میں خودکش حملہ ہوا ہے ، خیبرپختونخوا کی حکومت کو کچھ ہوش ہی نہیں،صوبائی حکومت وفاقی حکومت سے تعاون نہیں کر رہی اس لیے کچھ ہونے والا ہے ، وہ پی ٹی آئی کیخلاف نہیں، قومی سلامتی کیلئے ہوگا،انہوں نے مزید کہا میں سمجھتا ہوں کہ پی ٹی آئی نے لانگ مارچ ملتوی کرنے کا فیصلہ مجبوری کے تحت کیا ہے کیونکہ پی ٹی آئی کو پتا تھا کہ بندے پورے نہیں اور لانگ مارچ سے مزید مشکل ہوجائے گی، ساتھ ہی وزیر اعلیٰ سہیل آ فریدی نے آفر کردی کہ ہم مذاکرات کیلئے تیار ہیں،انہیں ایک اور ہفتہ مل گیا ہے۔

میراخیال ہے اس ہفتے کے دوران کچھ نہ کچھ ہونا چاہئے ، کوئی بات چیت ہونی چاہئے ، میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ 27 ستمبر کو کچھ نہیں ہونے والا۔جب تک لانگ مارچ کے بیانات آتے رہیں گے اس وقت اسلام آباد لاک ڈاؤن میں رہے گا،لاک ڈاؤن میں رہے گا تویہ بہت بڑی خبر بنتی ہے ،کنٹینرز اسلام آباد میں موجود ہیں،لوگوں نے اب سے حساب کتاب لگانا شروع کردیا ہے کہ کتنا خرچہ ہورہا ہے ، کوئی کہہ رہا ایک دن کا خرچ چالیس لاکھ روپے بن رہا ہے ، شاید اس سے بھی زیادہ ہو،ہوسکتا ہے کہ کنٹینرز والے ہڑتال کردیں اور کہیں کہ ہمارے کنٹینرز واپس کرو، انہوں نے پیسے مانگنے ہیں، حکومت نے پیسے نہیں دینے ،ایک اور ایشو بن جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...