کوشش ہے گورنر راج کی طرف نہ جائیں :خواجہ آصف
پختونخوا کونااہل اور طالبان کے اتحادیوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا بہت ہو چکا، اب اہم فیصلے کرنے کا وقت آگیا :میڈیا سے گفتگو،ایکس پر بیان
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ کوشش یہی ہے کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے آپشن کی طرف نہ جائیں ، لیکن پی ٹی آئی کو دارالحکومت پر چڑھائی کرنے کی اجازت بھی نہیں دی جا سکتی، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اگر لانگ مارچ اسلام آباد آتا ہے تو وفاقی حکومت ہر قیمت پر دارالحکومت کی حفاظت یقینی بنائے گی،قبل ازیں ‘ایکس’ پر اپنے بیا ن میں انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا کو مزید نااہل اور بے حس حکمرانوں اور طالبان کے اتحادیوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا،انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نام نہاد ناکام سیاسی لانگ مارچ کے لیے سڑکوں پر گھوم رہی ہے جبکہ اسی دوران اس کے سہولت کاروں نے خیبرپختونخوا کے عوام کے خلاف دہشتگردی کی نئی لہر شروع کر رکھی ہے ۔انہوں نے کہا کہ 6 اکتوبر کو دہشتگردوں نے ایک بار پھر ڈیرہ اسماعیل خان میں 5 بے گناہ افراد کو موت کے گھاٹ اتار ا، صوبائی کابینہ، وزیراعلیٰ اپنے ناکام سیاسی لانگ مارچ میں مصروف ہیں ، ہمیشہ کی طرح ان بے حس لوگوں نے قتل کی مذمت تک نہیں کی، نہ سوگوار خاندانوں سے تعزیت کی، نہ ان کے جنازوں میں شرکت کی ،کسی بھی معیار پر یہ ناقابل معافی ہے ،خواجہ آصف نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) نے ملک اور اداروں کو یرغمال نہیں بنایا، عدالتوں اور پارلیمنٹ میں قانونی اور آئینی جنگ لڑی،طالبان کے ساتھ اتحاد نہیں کیا، اب اہم فیصلے کرنے کا وقت آگیا ہے ، ملک کے اتحاد کو خطرے میں نہیں ڈالا جا سکتا اور پورے صوبے کو یرغمال نہیں بنایا جا سکتا، اب بہت ہوچکا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments