جماعت اسلامی کا پٹرولیم لیوی کیخلاف احتجاج تیز کرنے کا فیصلہ
حافظ نعیم کی زیرصدارت اجلاس،پختونخوامیں گورنر راج، ایمرجنسی پر غوروخوض عوامی حقوق پر سمجھوتہ نہیں کرینگے ، پٹرولیم لیوی کا مکمل خاتمہ چاہتے : امیر جماعت
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے )امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی زیرصدارت خیبر پختونخوا میں گورنر راج ، بعض اضلاع میں ہنگامی صورتحال کے نفاذ اور صوبہ میں امن عامہ کی مجموعی صورتحال پر وفاقی دارالحکومت میں اہم اجلاس ہوا ،جس میں نائب امیر جماعت اسلامی و امیر کے پی جنوبی پروفیسر محمد ابراہیم خان، امیر کے پی شمالی عنایت اللہ خان، امیر کے پی وسطی عبدالواسع اور امیر جماعت اسلامی ہزارہ عبدالرزاق عباسی ایڈووکیٹ نے شرکت کی،اجلاس میں وفاق کی جانب سے اٹھائے جانے والے حالیہ اقدامات اور صوبہ کو طویل عرصہ سے درپیش امن عامہ کے مسائل پر طویل غوروخوض ہوا اور اس تناظر میں جماعت اسلامی کا آئندہ کا لائحہ عمل تشکیل دینے کے بارے میں بھی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔ جماعت اسلامی کے پی کے رہنماؤں نے امیر جماعت اسلامی کو مجموعی صورتحال سے متعلق آگاہ کیا۔ امیر جماعت اسلامی نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی کے پی سمیت ملک بھر میں جمہوری اقدار کے تحفظ ، افغانستان سے تعلقات اور کے پی میں قیام امن سے متعلق واضح اور دوٹوک موقف رکھتی ہے ۔ جماعت اسلامی کا ملک کی تمام اکائیوں کے عوام کو حقوق اور یکساں مواقعوں کی فراہمی سے متعلق بھی موقف بہت واضح ہے ۔ انہوں نے پٹرولیم لیوی کے خلاف جاری احتجاج کے بارے میں بات کرتے ہوئے قائدین جماعت اسلامی کو ہدایت کی کہ اس سلسلہ میں جاری دستخطی مہم کو مزید تیز کیا جائے اور احتجاج کے دوسرے مرحلے کی بھی بھرپور تیاری کی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments