وزیرتجارت سے امریکی ناظم الامورکی ملاقات،سرمایہ کاری پرگفتگو

وزیرتجارت سے امریکی ناظم الامورکی ملاقات،سرمایہ کاری پرگفتگو

ایف پی سی سی آئی کا وفد بھی امریکی حکام سے ملا،پل کا کردار ادا کرینگے:عاطف اکرام

اسلام آباد (ذیشان یوسفزئی) امریکہ اور پاکستا ن کے درمیان معدنیات کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے امکانات مزید روشن ،وفاقی وزیر تجارت جام کمال سے امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر کی ملاقات ، انکے ہمراہ ایک وفد بھی وفاقی وزیر ملا ، اس موقع پرسیکرٹری تجارت نے بھی وفد سے ملاقات کی ۔ پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ معدنیات، کان کنی، تکنیکی تعاون اور ہنرمند افرادی قوت کی ترقی کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ امریکی وفد نے پاکستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری اور تکنیکی تعاون بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

دوسری جانب ایف پی سی سی آئی اور امریکی سفارتخانے کے درمیان معدنیات کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے ۔ ایف پی سی سی آئی کے وفد نے امریکی سفارتخانے کے حکام سے ملاقات کی ،معدنیات کے شعبے میں امریکی سرمایہ کاری بڑھانے اور جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی پر زور دیا گیا ۔ عاطف اکرام شیخ کا کہنا ہے پاکستان میں تانبے ، سونے اور قیمتی پتھروں کے ذخائر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ایف پی سی سی آئی پاکستانی کان کنوں اور امریکی سرمایہ کاروں کے درمیان پل کا کردار ادا کرے گی۔ معدنیات میں ویلیو ایڈیشن اور برآمدات کا فروغ پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔

ایف پی سی سی آئی کے وفد نے امریکی حکام کو سرمایہ کاری کے لیے تیار معدنی منصوبوں پر بریفنگ دی، جبکہ معدنیات کی جدید طریقوں سے تلاش، پروسیسنگ اور سپلائی چین کی ترقی پر زور دیا گیا اور مستقل ادارہ جاتی رابطے برقرار رکھنے پر بھی اتفاق ہوا۔ ایف پی سی سی آئی کا کیپٹل آفس پاک امریکہ معدنیاتی تعاون کے لیے مرکزی سہولت کاری مرکز ہوگا۔ دوسری جانب جام کمال کے ساتھ ملاقات کے بعد سیکرٹری تجارت جواد پال نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان باہمی تجارتی معاہدے پر جاری مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے ۔ مجوزہ تجارتی معاہدے کی چند تکنیکی شقوں پر امریکی تجارتی نمائندے کے دفتر سے مزید بات چیت درکار ہے ۔ وفاقی وزیر تجارت جام کمال کے مطابق امریکہ کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینا پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور نجی شعبے کے تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ جام کمال کے مطابق پاکستان کے زرعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی، فوڈ پروسیسنگ اور کولڈ چین کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

ملاقات میں پاکستانی آم اور کھجور کی امریکی منڈی تک رسائی کے معاملات پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ امریکی وفد نے پاکستانی زرعی مصنوعات کو مارکیٹ تک رسائی دینے کے معاملات پر متعلقہ حکام سے رابطے کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں امریکہ سے کپاس اور سویابین کی درآمدات بڑھانے اور تجارتی مالی معاونت کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر تجارت نے امریکی کمپنیوں کو پاکستان کے زرعی اور صنعتی شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ۔ امریکی کاروباری ادارے 23 سے 26 نومبر تک کراچی میں ہونے والی فوڈ ایگ 2026 نمائش میں شرکت کریں۔ بلوچستان میں کھجور ،زیتون کے تیل اور دیگر زرعی مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن کے نمایاں مواقع موجود ہیں، حب صنعتی سرمایہ کاری، مینوفیکچرنگ اور خصوصی اقتصادی زونز کے لیے اہم مقام ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...