ایران سے بات نہیں ہو رہی، جنگ کا جلد کوئی نہ کوئی نتیجہ سامنے آئے گا: ڈونلڈ ٹرمپ
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ مذاکرات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ کا جلد کوئی نہ کوئی نتیجہ سامنے آئے گا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی ٹی وی نیوز نیشن کو انٹرویو میں بتایا کہ ایران کے ساتھ بات چیت محدود پیمانے پر ہو رہی ہے، ایران کے ساتھ مذاکرات ختم کریں یا جاری رکھیں،جلد فیصلہ ہو جائے گا۔
ٹرمپ کا کہنا ہے کہ لوگوں کا خیال ہے ایران سے متعلق پیش رفت مڈٹرم انتخابات کے بعد سامنے آئے گی، آنے والے دن اہم ہیں،صورتحال واضح ہو جائے گی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کے خلاف فوجی محاذ پر امریکا بہت اچھی کارکردگی دکھا رہا ہے، ایران کے خلاف امریکا کو فوجی اور مالی دونوں محاذوں پر برتری حاصل ہے۔
دوسری طرف نیویارک ٹائمز کےمطابق امریکا اور اسرائیل ایران پر ایک بار پھر حملوں کی تیاری کر رہے ہیں،امریکی وسط مدتی انتخابات کے بعد ایران کے خلاف مختصر مگر شدید فوجی کارروائی کے منصوبے پر کام جاری ہے۔
رپورٹ کےمطابق ایران کی توانائی تنصیبات، جوہری مراکز، میزائل اور ڈرون کے ذخائر ممکنہ اہداف میں شامل ہوسکتےہیں، امریکی فوج کے مشرقِ وسطیٰ میں تمام فوجی اثاثے نومبر کے آغاز تک تیار ہونے کا امکان ہے۔
امریکی وزیرِجنگ پیٹ ہیگستھ نےاسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سےملاقات میں نئےحملوں پر بھی بات چیت کی ہے،امریکا اور اسرائیل عراق کی فضائی حدود میں فوجی مشقیں بھی کر رہےہیں تاکہ ممکنہ حملوں کی تیاری کی جا سکے۔
امریکی حکام کےمطابق نئےحملےایران کی معیشت کومزیدنقصان پہنچاسکتے ہیں،تاہم ان حملوں سےمطلوبہ نتائج حاصل ہونے کےبارے میں شکوک بھی موجود ہیں،ایران پر اس سےپہلےہونے والے حملوں کے باعث عالمی منڈی میں توانائی کی قیمتوں اور مہنگائی میں اضافہ ہوا تھا۔
حکام کےمطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تاحال نئے حملوں کی حتمی منظوری نہیں دی، اس لیے فوجی کارروائی کا امکان موجود ہونے کے باوجود فیصلہ یقینی نہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments