قانون کی بالادستی ہی قابل اعتماد نظام انصاف کی بنیاد ہے: چیف جسٹس عالیہ نیلم
لودھراں: (دنیا نیوز) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے کہا ہے کہ عدلیہ کا بنیادی مقصد عوام کو بلاتفریق انصاف فراہم کرنا ہے، نظام انصاف کی بہتری اور سائلین کو بروقت انصاف کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔
چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ عالیہ نیلم نے لودھراں کا دورہ کیا، جسٹس محمد طارق ندیم، جسٹس علی ضیاء باجوہ اور رجسٹرار عبدالرحیم بھی ان کے ہمراہ تھے، اس موقع پر صدر بار، جنرل سیکرٹری بار، ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او بینش فاطمہ بھی موجود تھیں۔
دورے کے دوران ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے چیف جسٹس کو عدالتی امور، کارکردگی اور سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، جسٹس عالیہ نیلم نے لیڈیز بار روم، کامن روم، میٹنگ روم سمیت ضلع کے تمام ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کا افتتاح بھی کیا۔
اس موقع پر چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کا کہنا تھا کہ عدالتی امور کی انجام دہی اور مقدمات کی سماعت کیلئے بہتر ماحول ضروری ہے، کیسز کے بروقت فیصلوں اور زیر التوا مقدمات نمٹانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
جسٹس عالیہ نیلم نے کہا کہ قانون کی بالادستی ہی قابل اعتماد نظام انصاف کی بنیاد ہے، عدالتوں میں سہولیات کی بہتری انصاف تک رسائی کو بھی آسان بناتی ہے، سائلین کو غیر ضروری مشکلات سے بچانا انصاف کی مؤثر فراہمی کے بنیادی تقاضوں میں شامل ہے۔
دورے کے موقع پر چیف جسٹس عالیہ نیلم، جسٹس محمد طارق ندیم اور جسٹس علی ضیاء باجوہ نے ڈسٹرکٹ کورٹس میں پودے بھی لگائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments