لاہور: سعودی پاک رئیل اسٹیٹ ایکسپو کا افتتاح

لاہور: سعودی پاک رئیل اسٹیٹ ایکسپو کا افتتاح

گورنر نے افتتاح کیا ،چیئرمین پنجاب گروپ آف کالجز میاں عامر و دیگر کی شرکت پاک سعودی سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق،ڈاکٹر گوہر کی مالیاتی فنڈ بنانے کی تجویز

لاہور (کامرس رپورٹر سے )سعودی پاک رئیل اسٹیٹ ایکسپو کا افتتاح ہو گیا ،افتتاحی تقریب میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان ،سعودی پاک بزنس کونسل کے چیئرمین پرنس منصور بن محمد السعود اور معتبر کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔رئیل اسٹیٹ ایکسپو میں پاک سعودی سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق پایا گیا، ڈاکٹر گوہر اعجاز نے دونوں ممالک کے کاروباری افراد کو مالیاتی فنڈ بنانے کی تجویز دے دی۔لیک سٹی لاہور میں ڈاکٹر گوہر اعجاز کی خصوصی کاوش سے سعودی پاک رئیل سٹیٹ ایکسپو کا انعقاد کیا گیا ہے جس کا افتتاح گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کیا ۔تقریب میں سعودی پاک بزنس کونسل کے چیئرمین پرنس منصور بن محمد السعود،چیئرمین پنجاب گروپ آف کالجز میاں عامر ،معروف کاروباری شخصیت عارف حبیب،ایس ایم تنویر سمیت سرکردہ کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔تقریب میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ملک میں مستقبل کے لئے سرمایہ کاری کے لئے ڈاکٹر گوہر اعجاز کی کاوش قابل ستائش ہے ۔

سعودیہ اور پاکستان کا نہ ٹوٹنے والا رشتہ ہے ، پاک سعودی ترکیہ معاہدہ نئے تعلقات کا آغاز ہے ،انہوں نے کہا سعودی پاک بزنس کونسل سے مستقبل کی نئی راہیں کھلیں گی، رئیل سٹیٹ کے فروغ سے ہی دوسرے کاروبار چلتے ہیں ،رئیل سٹیٹ سے بے روزگاری اور مشکل سے نکلنے میں مدد ملے گی، ڈاکٹر گوہر اعجاز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رئیل سٹیٹ میں باہمی سرمایہ کاری نئے دور میں داخل ہو رہی ہے ، ہم سعودی سرمایہ کاروں کو دعوت دیتے ہیں کہ پاکستان آئیں اور نئے مواقع دیکھیں ،پاکستان جیسے ملک میں سرمایہ کاری کے بہت مواقع ہیں۔انہوں نے تجویز دی کہ مستقل کاروباری فروغ کے لئے دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں کو پانچ ارب ڈالر کا فنڈ قائم کرنا چاہئے ،سعودی پاک بزنس کونسل کے چیئرمین پرنس منصور بن محمد السعود نے کہا کہ اس نمائش میں سعودی کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں، ہمارے تعلقات نسلوں پر محیط ہیں ، ایکسپو کاروباری تعلقات بہتر بنانے کا ذریعہ بنے گی، سعودی پاک بزنس کونسل کی کوشش ہے کہ باہمی سرمایہ کاری بڑھائی جائے ، تقریب میں سی ای او روڈا عمران امین نے روڈا منصوبوں بارے جبکہ سعودی سرمایہ کاروں نے سعودیہ میں رئیل سٹیٹ منصوبوں بارے بریفنگ دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...