سنگاپور کے وزیرخارجہ کی وزیراعظم، فیلڈ مارشل سے ملاقاتیں
شہبازشریف نے سنگاپور کی اقتصادی تبدیلی کو سراہا، تعاون بڑھانے پر اتفاق سیدعاصم منیر کا تعلقات مزید مضبوط بنانے کا عزم،اسحاق ڈارسے مذاکرات
اسلام آباد، راولپنڈی (نامہ نگار، خصوصی نیوز رپورٹر)سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویویان بالاکرشنن نے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں دونوں ملکوں کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، زراعت، غذائی تحفظ اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں سنگاپور کے ساتھ دیرینہ اور دوستانہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے سنگاپور کی شاندار اقتصادی تبدیلی، جدت اور ترقی کے شعبوں میں کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان سنگاپور کے ساتھ شراکت داری کو دوطرفہ اور آسیان کے پلیٹ فارم سمیت کثیرالجہتی سطح پر اہمیت دیتا ہے ۔فریقین نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے اور ترجیحی شعبوں میں تعاون وسعت دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا، جن میں ڈیجیٹل اکانومی، فن ٹیک، انفراسٹرکچر، لاجسٹکس، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار اور سروسز شامل ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے عوامی روابط بڑھانے اور باہمی مفید اقتصادی تعاون کے نئے راستے تلاش کرنے پر بھی گفتگو کی۔ علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے دوطرفہ اور کثیرالجہتی فورمز پر تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
وزیراعظم نے دورہ سنگاپور کی دعوت قبول کرلی۔دریں اثنا سنگاپور کے وزیر خارجہ نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی و عالمی سطح پر بدلتی سکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ تعاون کے فروغ کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ علاقائی امن و استحکام کے حوالے سے بھی خیالات کا تبادلہ ہوا اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں مسلسل رابطوں اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا گیا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سنگاپور کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے علاقائی امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کیلئے ادارہ جاتی اور تعمیری روابط کی اہمیت پر زور دیا۔ سنگاپور کے وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم بنانے کی خواہش کا اظہار کیا اور پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستان کی خدمات کا اعتراف کیا۔قبل ازیں سنگاپور کے وزیر خارجہ نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔ ڈاکٹر ویویان بالاکرشنن نے کہا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ کی کشیدگی میں قابل تعریف کردار ادا کر رہا ہے ، اس کردار پر پاکستان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ سنگاپور کے وزیر خارجہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے ، مسلسل دوطرفہ سیاسی مشاورت پر اتفاق ہوا ہے ۔ پاکستان ان پہلے ممالک میں شامل تھا جنہوں نے سنگاپور کو تسلیم کیا، جبکہ سنگاپور کے کسی وزیر خارجہ کا دو دہائیوں میں یہ پہلا دورہ پاکستان ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments