امریکا کی یوکرین کو اربوں ڈالر کے 500 پیٹریاٹ میزائل فروخت کرنے کی منظوری

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی محکمہ خارجہ نے یوکرین کو 2 ارب 10 کروڑ ڈالر مالیت کے 500 پیٹریاٹ پی اے سی تھری میزائل فروخت کرنے کی منظوری دے دی۔

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق دفاعی نظام کے یہ میزائل کینیڈا، جرمنی اور ناروے کی مالی معاونت کے علاوہ یورپی یونین کے یوکرین سپورٹ لون کے تحت فراہم کیے جانے والے فنڈز سے خریدے جائیں گے۔

بیان میں کہا گیا کہ اتحادی ممالک کی مالی معاونت امریکی جے یو ایم پی سٹارٹ پروگرام کے ذریعے فراہم کی جائے گی۔

دوسری جانب میزائلوں کی فراہمی میں تاخیر کے باعث یوکرین اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔

یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے رواں ہفتے کہا تھا کہ یوکرین اہم میزائلوں کی فراہمی کے لئے امریکی منظوری کا تقریباً ایک ماہ سے انتظار کر رہا ہے، جبکہ روس نے یوکرین کے توانائی کے نظام اور شہری تنصیبات پر حملے تیز کر دیے ہیں۔

صدر زیلنسکی نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ موسم سرما کی آمد سے قبل فضائی دفاعی میزائلوں کی فراہمی تیز کی جائے، ادھر امریکا کی جانب سے اتحادی ممالک کو بڑی تعداد میں ہتھیاروں کی فراہمی اور ایران میں اپنی فوجی کارروائیوں کے دوران اسلحے کے استعمال کے باعث اہم دفاعی میزائلوں کے ذخائر سے متعلق خدشات بھی سامنے آئے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...