کھڈیاں خاص میں 35 واں سالانہ کبڈی میلہ، سپیکر پنجاب اسمبلی، صوبائی وزیر کی شرکت

قصور: (دنیا نیوز) کھڈیاں خاص ضلع قصور میں 35ویں سالانہ کبڈی میلہ جشنِ کھڈیاں کے فائنل میچ کی تقریب سے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان اور صوبائی وزیر رانا اقبال نے خطاب کیا۔

سابق سپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال نے کبڈی کی دونوں ٹیموں اور کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج کی تقریب میں شرکاء نے خوشی کا اظہار کرکے رونق بڑھا دی، تقریب میں شرکت کرنے والے تمام مہمانوں کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں، کبڈی کے کھلاڑیوں اور فنکاروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور تمام ساتھیوں اور معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ کبڈی پنجاب کا کھیل ہے اور یہ صرف کھیل نہیں بلکہ پنجاب کی ثقافت اور روایات کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کھڈیاں کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ پنجاب میں کھیلوں کے فروغ کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف دن رات کام کر رہی ہیں۔

ملک محمد احمد خان نے کہا کہ کبڈی کے میدان آباد کرکے پنجاب کی ثقافتی روایات کو زندہ رکھا جا سکتا ہے۔ جشنِ کبڈی کا کامیاب انعقاد منتظمین کی محنت اور لگن کا ثبوت ہے۔

سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کھیلتا پنجاب، بڑھتا پنجاب پروگرام نوجوانوں کو کھیلوں کے مواقع فراہم کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے دیہات میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پنجاب کے میدان دوبارہ آباد ہوں گے اور نوجوانوں کو کھیلوں کے مزید مواقع ملیں گے۔

ملک احمد خان نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ سے نوجوانوں میں مثبت سرگرمیوں اور صحت مند معاشرے کو تقویت ملے گی جبکہ صوبے میں کھیلوں کے فروغ سے روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔

سپیکر پنجاب اسمبلی نے معروف فنکار عارف لوہار کو شیلڈز پیش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی ثقافت، زبان اور روایات کو زندہ رکھنے میں عارف لوہار کا اہم کردار ہے۔

انہوں نے کہا کہ عارف لوہار نے اپنے فن کے ذریعے پنجاب کی ثقافت اور روایات کو زندہ رکھا ہے۔ پنجابی بولیاں دلیری، بھائی چارے اور محبت کا پیغام دیتی ہیں۔

ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پنجاب کی ثقافت اور موسیقی سے ان کی پہلی واقفیت عالم لوہار کے فن کے ذریعے ہوئی، ان کی دعوت پر عارف لوہار نے پنجاب کی ثقافت سے اظہارِ محبت کے لیے معاوضہ لینے سے انکار کیا، انہوں نے جشنِ کبڈی میں شرکت کرنے والے تمام افراد اور منتظمین کا بھی شکریہ ادا کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...