وزیراعظم کا گلگت بلتستان کے ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے کا حکم
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت گلگت بلتستان میں وفاقی ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد علی نے خصوصی شرکت کی۔
اجلاس میں گلگت بلتستان کے عوام کو خراج تحسین پیش کیا گیا، جو یکم نومبر کو ڈوگرہ راج سے آزادی اور اس کے بعد پاکستان سے الحاق کا تاریخی دن مناتے ہیں۔ اس موقع پر یکم نومبر کو وزیراعظم کا گلگت بلتستان کا دورہ متوقع ہے۔
اجلاس میں وزیراعظم کی ہدایت پر جولائی 2026 میں قائم کردہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کی گئی، جس میں جاری وفاقی ترقیاتی منصوبوں کی موجودہ صورتحال، عمل درآمد میں حائل رکاوٹوں اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے ضروری اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں گلگت بلتستان میں جاری پن بجلی، بنیادی ڈھانچے اور شمسی توانائی کے منصوبوں پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے گلگت بلتستان کے عوام کے لیے وفاقی حکومت کے 100 میگاواٹ شمسی توانائی منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں نلتر پاور پراجیکٹ کی تکمیل، انسداد دہشت گردی کی صلاحیت میں اضافے اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی تنصیب سے متعلق امور پر بھی گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو ہدایت کی کہ گلگت بلتستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے اور ان کی بروقت تکمیل کے لیے درکار فنڈز کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ منصوبوں کی تکمیل میں حائل تمام رکاوٹیں ترجیحی بنیادوں پر دور کی جائیں اور متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کے ذریعے عمل درآمد تیز کیا جائے۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ گلگت بلتستان کی ترقی، عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور معیار زندگی میں بہتری وفاقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں، بالخصوص توانائی کے منصوبوں کی پیش رفت کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے تاکہ عوام جلد ان کے ثمرات سے مستفید ہوسکیں۔
اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، اعظم نذیر تارڑ، علیم خان، مصدق ملک، عطا اللہ تارڑ، شزا فاطمہ، سردار اویس لغاری، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ اور محمد علی سمیت متعلقہ سرکاری افسران نے شرکت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments