انتظامی یونٹس کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے ،ایم کیوایم کا عوامی رابطوں کا سلسلہ تیز کرنے کا فیصلہ
کراچی (آئی این پی)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے نواب شاہ، سانگھڑ اور سکھر و دیگر اضلاع کے تنظیمی ذمہ داران سے الگ الگ اہم ٹیلیفونک گفتگو کی، جن میں ملکی و موجودہ سیاسی صورتحال، تنظیمی امور، عوامی رابطہ مہم اور مقامی شہری مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ انتظامی یونٹس کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے اور اندرون سندھ کے اضلاع میں عوامی رابطوں کا سلسلہ تیز کیا جائے ۔ سربراہ ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے نواب شاہ زون کے ڈسٹرکٹ انچارج معظم خان، جوائنٹ انچارج وقار خان اور ڈسٹرکٹ کمیٹی کے دیگر اراکین سے بذریعہ ٹیلیفون گفتگو کی، اس موقع پر مقامی ذمہ داران نے پارٹی سربراہ کو نواب شاہ میں جاری تنظیمی سرگرمیوں اور عوامی رابطہ مہم کی پیشرفت سے آگاہ کیا جبکہ نئے انتظامی یونٹ نواب شاہ شہر کو درپیش بنیادی مسائل بالخصوص نکاسی آب، پینے کے صاف پانی کی قلت، ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں اور صحت و تعلیم کی سہولیات کے فقدان سمیت بلدیاتی اداروں کی ناقص کارکردگی پر اپنی تشویش سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ذمہ داران کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ عوام کے درمیان رہ کر ان کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور آواز بلند کریں اور تنظیمی ڈھانچے کو مزید فعال اور منظم بنائیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایم کیو ایم پاکستان نواب شاہ سمیت سندھ بھر کے شہریوں کے بنیادی حقوق کے حصول اور مسائل کے حل کے لیے ہر فورم پر اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔ علاوہ ازیں چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے سانگھڑ ڈسٹرکٹ آفس پر ٹیلیفون کے ذریعے ڈسٹرکٹ آرگنائزر محمد عارف شیخ اور اراکینِ ڈسٹرکٹ کمیٹی سے تنظیمی امور پر تفصیلی مشاورت کی، جبکہ سکھر ڈسٹرکٹ کمیٹی کے ذمہ داران سے بھی ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور سکھر کے تمام تنظیمی ساتھیوں کی خیریت دریافت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments