بحرین پر ایرانی ڈرون حملوں کی کوششیں تیز، خطے میں بڑے فوجی تصادم کا خدشہ بڑھ گیا
منامہ: (دنیا نیوز) ایران نے بحرین پر ڈرون حملوں کی کوششیں تیز کر دی ہیں جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر معاشی دباؤ اور بحری ناکہ بندی جاری رکھنے کا عندیہ دیا ہے، جس کے بعد خطے میں ایک بار پھر وسیع فوجی تصادم کے خدشات بڑھنے لگے ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق گزشتہ چند روز کے دوران بحرین پر ایرانی ڈرون حملوں کی دو کوششیں کی گئیں، بحرین ڈیفنس فورس نے متعدد ایرانی ڈرونز کو روک کر تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
بحرین میں امریکا کے اہم فوجی اڈے موجود ہیں، جبکہ ایران خلیجی ممالک کی جانب سے اپنی سرزمین پر حملوں کے معاوضے کا مطالبہ کرنے پر ناراض ہے، تہران نے خلیجی ممالک کو خبردار کیا ہے کہ وہ ماضی کے زخم دوبارہ نہ کریدیں۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بظاہر ایران پر معاشی دباؤ برقرار رکھنے کی حکمت عملی اختیار کیے ہوئے ہیں، انہیں توقع ہے کہ وقت گزرنے کے ساتھ تہران مذاکرات میں اپنے مطالبات نرم کرنے پر مجبور ہو جائے گا۔
امریکی ناکہ بندی اور عالمی پابندیوں کے اثرات ایرانی معیشت پر بھی نمایاں ہو رہے ہیں، ایرانی کرنسی ریال کی قدر میں کمی آئی ہے جبکہ پٹرول پمپس پر گاڑیوں کی طویل قطاریں دیکھی جا رہی ہیں۔
ان معاشی مشکلات کے باوجود ایرانی قیادت کی جانب سے اپنے جوہری پروگرام پر لچک دکھانے کے کوئی واضح اشارے سامنے نہیں آئے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments