موسیقی، رقص، مزاح کا حسین امتزاج: شارجہ بک فیئر میں پریوں کی کہانیاں حقیقت بن گئیں
شارجہ: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات میں جاری 45ویں شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر میں پرتگال سے تعلق رکھنے والے دو فنکاروں نے اپنی منفرد تھیٹر پرفارمنس کے ذریعے پریوں کی کہانیوں کے شہزادے اور شہزادی کو حقیقی کرداروں کی صورت میں پیش کرکے بچوں اور بڑوں کی توجہ حاصل کرلی۔
’’دی میوزک باکس‘‘ کے عنوان سے پیش کیے جانے والے اس شو میں موسیقی، جسمانی حرکات، رنگا رنگ ملبوسات اور حاضرین سے براہِ راست رابطے نے کتاب میلے کی رونقوں میں اضافہ کردیا۔
شارجہ بک اتھارٹی کی جانب سے 14 نومبر کو جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پرتگالی فنکار آندرے دوس سانتوس وییرا اور ہیلینا ریس نے کتاب میلے کے گھومتے پھرتے فنکارانہ پروگرام کے تحت یہ خصوصی پرفارمنس پیش کی۔
شو میں ہیلینا ریس شہزادی کا کردار ادا کرتی ہیں، جو موسیقی کے ڈبے میں موجود گھومتے ہوئے پلیٹ فارم پر ساکت کھڑی ہوتی ہیں۔ میوزک باکس کی چابی گھمائے جانے کے بعد وہ حرکت کرنا شروع کردیتی ہیں، جبکہ آندرے دوس سانتوس وییرا شہزادے کے کردار میں ان کے ساتھ پرفارم کرتے ہیں۔
دونوں فنکار موسیقی، جسمانی حرکات اور خصوصی ملبوسات کے ذریعے پریوں کی کہانیوں کا ماحول تخلیق کرتے ہیں، پرفارمنس کے دوران بچوں اور دیگر زائرین کو ان کرداروں کے قریب آنے، بات چیت کرنے اور یادگاری تصاویر بنوانے کا موقع بھی ملتا ہے۔
فنکارہ ہیلینا ریس کے مطابق ’’دی میوزک باکس‘‘ کا تصور بچپن میں سنی جانے والی پریوں کی روایتی کہانیوں سے لیا گیا ہے، جن میں شہزادے، شہزادیاں اور دیگر خیالی کردار شامل ہوتے ہیں، شو کا مقصد ان کرداروں کو کتابوں کے صفحات سے نکال کر حاضرین کے سامنے متحرک انداز میں پیش کرنا اور انہیں ایک منفرد فنکارانہ تجربہ فراہم کرنا ہے۔
فنکار آندرے دوس سانتوس وییرا کا کہنا تھا کہ پرفارمنس کا سب سے دلچسپ پہلو حاضرین کا ردِعمل ہے، لوگوں کو انہیں حقیقی انسانوں کے بجائے کسی پریوں کی کہانی کے کردار سمجھ کر بات چیت کرتے دیکھنا حیرت انگیز تجربہ ہوتا ہے۔
دونوں فنکار ’’دی میوزک باکس‘‘ کے علاوہ ’’مسٹر مفن‘‘ اور ’’مسز چیری‘‘ کے کرداروں پر مشتمل ایک اور شو بھی پیش کر رہے ہیں، مٹھائیوں کی خیالی دنیا سے متاثر یہ کردار اپنی مزاحیہ حرکات اور حاضرین سے دلچسپ گفتگو کے ذریعے زائرین کو محظوظ کرتے ہیں۔
شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر کے مختلف نمائشی ہالز اور راہداریوں میں بھی فنکار مختلف تھیٹر کرداروں کے روپ میں گھومتے نظر آتے ہیں، جن میں ایک بڑی قصے کی کتاب سے باہر آنے والا خیالی کردار اور رنگ برنگے ملبوسات میں ملبوس دیگر فنکار شامل ہیں۔
منتظمین کے مطابق ان سرگرمیوں کا مقصد کتاب میلے کو محض کتابوں کی نمائش کے بجائے ثقافت، تھیٹر، موسیقی، بصری فنون اور خاندانی تفریح کا جامع مرکز بنانا ہے۔
رواں سال شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر کا عنوان ’’کہانیوں سے تخلیق‘‘ ہے، جس کے تحت مختلف سرگرمیوں کے ذریعے کہانیوں کو کتابوں کے صفحات سے آگے بڑھا کر تخلیقی فنون کے ذریعے زندہ کرنے کا پیغام دیا جا رہا ہے۔
پرتگالی فنکاروں کی یہ پرفارمنس بھی اسی تصور کی عکاس ہے، جہاں خیالی کردار بچوں اور بڑوں کے سامنے حقیقت کا روپ دھار کر ایک یادگار تجربہ فراہم کر رہے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments