امارات میں ویڈیو گیمز کی تیاری میں عوامی شرکت، کھلاڑی ڈویلپرز کو تجاویز دیں گے

دبئی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں ویڈیو گیمنگ کی صنعت کو فروغ دینے کے لیے ایک منفرد اقدام کے تحت پہلی مرتبہ ’’دبئی پلے ٹیسٹ نائٹ‘‘ منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

دبئی فلمز اینڈ گیمز کمیشن کے زیرِ اہتمام یہ خصوصی تقریب 14 نومبر کو منعقد ہوگی، جس میں گیمنگ کے شوقین افراد کو زیرِ تیاری ویڈیو گیمز آزمانے اور ان کے تخلیق کاروں کو براہِ راست اپنی رائے دینے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

اس نئے اقدام کا مقصد ویڈیو گیمز تیار کرنے والے ڈویلپرز اور گیمنگ کمیونٹی کے درمیان براہِ راست رابطہ قائم کرنا ہے، تاکہ نئی گیمز کو مارکیٹ میں متعارف کرانے سے پہلے کھلاڑیوں کے تجربات اور تجاویز کی روشنی میں بہتر بنایا جا سکے۔

تقریب میں شریک افراد مختلف زیرِ تیاری الیکٹرانک گیمز کھیل کر ان کے گیم پلے، دلچسپی، استعمال میں آسانی اور مجموعی تجربے کے بارے میں اپنی رائے پیش کر سکیں گے، اس طرح گیمز بنانے والی ٹیموں کو حقیقی صارفین کے تاثرات جاننے اور اپنی تخلیقات میں ممکنہ بہتری کے پہلوؤں کی نشاندہی کرنے میں مدد ملے گی۔

دبئی پلے ٹیسٹ نائٹ کی ایک اہم خصوصیت یہ ہوگی کہ گیمنگ کے شوقین افراد محض تیار شدہ گیمز استعمال کرنے کے بجائے ان کی تیاری اور بہتری کے عمل میں بھی اپنا کردار ادا کر سکیں گے، اس سے مقامی گیم ڈویلپرز اور کھلاڑیوں کے درمیان تعاون کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔

ویڈیو گیمنگ دنیا بھر میں تیزی سے ترقی کرتی ہوئی تخلیقی اور ٹیکنالوجی سے وابستہ صنعت ہے، دبئی میں اس نوعیت کی سرگرمی مقامی تخلیقی صلاحیتوں کو سامنے لانے، نئی گیمز کے معیار کو بہتر بنانے اور گیمنگ سے دلچسپی رکھنے والے نوجوانوں کو صنعت کے پیشہ ور افراد سے رابطے کا موقع فراہم کر سکتی ہے۔

دبئی فلمز اینڈ گیمز کمیشن کا یہ اقدام شہر میں ڈیجیٹل تفریح، تخلیقی صنعتوں اور جدید ٹیکنالوجی سے وابستہ سرگرمیوں کے فروغ کی کوششوں کا حصہ ہے۔

پہلی دبئی پلے ٹیسٹ نائٹ 14 نومبر کو منعقد ہوگی، جہاں گیمنگ کمیونٹی کو نئی ویڈیو گیمز کے تجربے کے ساتھ ان کے مستقبل کی تشکیل میں اپنی تجاویز پیش کرنے کا موقع ملے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...