واٹس ایپ کی صارفین کیلئے پرائیویسی فیچر متعارف کرانے کی تیاری
نیویارک: (ویب ڈیسک) دنیا کی مقبول میسجنگ ایپ واٹس ایپ صارفین کی پرائیویسی مزید مضبوط بنانے کے لیے ایک نئے فیچر کی آزمائش کر رہی ہے، جس کے ذریعے صارفین خود طے کرسکیں گے کہ کون ان کا فون نمبر دیکھ سکتا ہے۔
ٹیکنالوجی رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ نے جون 2026 میں یوزر نیم فیچر متعارف کرایا تھا، جس کے تحت صارفین اپنا فون نمبر ظاہر کیے بغیر دوسرے افراد سے رابطہ کرسکیں گے، تاہم یہ فیچر تاحال تمام صارفین کے لیے مکمل طور پر دستیاب نہیں ہے۔
صارفین فی الحال اپنے پسندیدہ یوزر نیم کا انتخاب کرکے اسے ریزرو کراسکتے ہیں، جبکہ کمپنی اس فیچر کو مزید بہتر بنانے پر کام کر رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے واٹس ایپ کے نئے بیٹا ورژن میں فون نمبر کی پرائیویسی سے متعلق ایک نئے فیچر کے آثار سامنے آئے ہیں، جس کے ذریعے صارفین یہ کنٹرول کرسکیں گے کہ کون ان کا نمبر دیکھ سکتا ہے۔
اس فیچر کے تحت صارفین کو چار مختلف آپشنز فراہم کیے جائیں گے، جن میں ایوری ون (Everyone)، مائی کانٹیکٹس (My Contacts)، مائی کانٹیکٹس ایکسیپٹ (My Contacts Except) اور نو باڈی (Nobody) شامل ہیں۔
ان آپشنز کی مدد سے صارفین اپنی مرضی کے مطابق طے کرسکیں گے کہ کون کالز اور چیٹس کے دوران ان کا فون نمبر دیکھ سکے گا۔
تاہم یہ سہولت صرف ان صارفین کے لیے دستیاب ہوگی جو واٹس ایپ پر یوزر نیم استعمال کریں گے، اگر کسی شخص کے پاس پہلے سے ہی صارف کا فون نمبر موجود ہے تو اسے چیٹس اور کالز میں نمبر نظر آتا رہے گا، جبکہ یوزر نیم کے ذریعے رابطہ کرنے والے افراد صارف کا فون نمبر نہیں دیکھ سکیں گے۔
رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کا یہ نیا پرائیویسی فیچر ابھی تیاری کے مراحل میں ہے اور فی الحال بیٹا صارفین کو بھی دستیاب نہیں، کمپنی کی جانب سے اسے تمام صارفین کے لیے متعارف کرانے کی حتمی تاریخ بھی سامنے نہیں آئی۔
نئے فیچر کی دستیابی کے بعد صارفین کو اپنی ذاتی معلومات اور فون نمبر کی رازداری پر مزید کنٹرول حاصل ہونے کی توقع ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments