گوادر پورٹ پر اہم پیش رفت، پاناما کے پرچم بردار بحری جہاز کی کامیاب برتھنگ
گوادر: (دنیا نیوز) گوادر پورٹ پر ٹرانسشپمنٹ سرگرمیوں میں ایک اور اہم پیش رفت ہوئی ہے، پاناما کے پرچم بردار بحری جہاز کی کامیاب برتھنگ کے بعد 26 ہزار 321 میٹرک ٹن سے زائد کارگو کی ان لوڈنگ شروع کر دی گئی۔
بحری جہاز ایم وی گریٹ وین تاؤ متحدہ عرب امارات کی بندرگاہ فجیرہ کے لیے کارگو لے کر گوادر پہنچا ہے۔ کارگو کو گوادر پورٹ پر عارضی طور پر محفوظ رکھنے کے بعد دوسرے بحری جہاز کے ذریعے فجیرہ منتقل کیا جائے گا۔
چیئرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ کے مطابق ٹرانسشپمنٹ سرگرمیوں کا تسلسل عالمی شپنگ کمپنیوں اور تجارتی حلقوں کے گوادر پورٹ پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ اپنی جغرافیائی اہمیت اور آپریشنل سہولیات کے باعث علاقائی و بین الاقوامی بحری تجارت میں اہم کردار ادا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
نورالحق بلوچ کے مطابق ٹرانسشپمنٹ کارگو کی آمد سے شپنگ، لاجسٹکس اور کارگو ہینڈلنگ سمیت مختلف شعبوں میں نئے تجارتی مواقع پیدا ہوں گے، گوادر پورٹ کو علاقائی بحری تجارت اور لاجسٹکس کا اہم مرکز بنانے کے لیے آپریشنل صلاحیتوں میں مزید بہتری لائی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خلیجی خطے میں بحری تجارتی راستوں کو درپیش چیلنجز کے تناظر میں گوادر پورٹ پر ٹرانسشپمنٹ سرگرمیوں کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے، مختلف بحری جہازوں کی آمد اور کارگو ہینڈلنگ کا تسلسل گوادر پورٹ کے علاقائی بحری تجارت میں ابھرتے ہوئے کردار کا عکاس ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments